متحدہ نے میئر کو با اختیار بنانے کا ترمیمی بل اسمبلی میں پیش کر دیا

January 12, 2016 2:12 pm0 commentsViews: 30

بل کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا ترمیمی بل2016 نام دیا گیا ہے، قانون سازی کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ
بل کی منظوری سے وزیراعلیٰ کے بورڈ کی چیئرمین شپ کی منتقلی کے اختیارات میئر کو منتقل ہو جائیں گے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ اسمبلی میں قانون سازی تیز کرنے کیلئے مختلف امور پر پرائیوٹ بلز لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پیر کو سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ میں ایم کیو ایم کی جانب سے سالڈ، ویسٹ، منیجمنٹ بورڈ کا ترمیمی بل 2016ء جمع کرا دیاہے۔ ایم کیو ایم کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اپوزیشن چیمبر میں ایم کیو ایم کی پارلیمانی پارٹی کے لیڈر خواجہ اظہار الحسن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے بعد مخصوص نشستوں سمیت میئر، ڈپٹی میئر ، ضلعی چیئر مین اور وائس چیئر مین کے انتخابات میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سندھ میں قانون سازی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے ایم کیو ایم کی جانب سے پرائیویٹ بلز ایوان میں پیش کئے جائیں گے اس سلسلے میں پیر کو سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ ترمیمی بل اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرا دیا گیا ۔ ترمیمی مسودے میں تجویز کیا گیا ہے کہ بورڈ کو میٹرو پولیٹن کارپوریشن، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹی، ٹائون کمیٹی کا نام دیا جائے اور بورڈ کی چیئر مین شپ کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ یا اس کے نامزد نمائندے کی بجائے ترمیم کرکے میئر آف میٹرو پولیٹن کارپوریشن چیئر مین آف ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن اور چیئر مین آف ٹائون کمشنر کو سربراہ یا ان کی طرف سے نامزد نمائندے کا تقرر کیا جائے۔