صوبوں کو وفاق سے مختلف معاملات پر خدشات ہیں، شرمیلا فاروقی

January 12, 2016 2:25 pm0 commentsViews: 22

وفاق کو صوبوں سے سوتیلے بھائی کی طرح رویہ اختیار نہیں کرنا چاہیے، میڈیا سے گفتگو
ٹھٹھہ(نمائندہ آغاز ) صوبائی مشیر برائے ثقافت و سیاحت شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ صوبوں کو وفاق سے مختلف معاملات پر خدشات ہیں اور وفاق کو صوبوں سے بڑے بھائی کی طرح سلوک کرنا چاہیے اور سوتیلے بھائی کی طرح رویہ اختیار نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کو صوبوں سے تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کوششوں سے جاری ہے جس کے باعث کراچی میں امن قائم ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی آپریشن میں رینجرز اور پولیس جوانوں کی جانب سے دی گئی قربانیاں قابل فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکلی کے تاریخی قبرستان، مقبروں اور تاریخی مقامات کی مرمت، تحفظ اور ترقی سمیت سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے محکمہ ثقافت کی جانب سے471ملین روپے کی لاگت سے تین سال پر مشتمل ایک ترقیاتی منصوبہ شروع کیا گیا ہے تاکہ دنیا کے اس بہترین تاریخی ورثہ کو آئندہ نسلوں کیلئے محفوظ کیا جا سکے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے تاریخی مکلی قبرستان کے حوالے سے471ملین روپے کی لاگت سے شروع ہونے والے ترقیاتی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔