مشاہد اللہ سندھ کے عوام سے معافی مانگیں، پیپلزپارٹی

January 14, 2016 2:49 pm0 commentsViews: 15

سندھ کو حالت گند میں قرار دینا درحقیقت عوام کی توہین ہے
موصوف نے پہلے بھی مغلظات بکیں مگر ہم نے فراخدلی کا مظاہرہ کیا تھا، نجمی عالم و دیگر کا ردعمل
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نجمی عالم، سردار خان، لطیف مغل اور منظور عباس نے سینیٹر مشاہد اللہ خان کے سندھ کے حوالے سے تضحیک آمیز بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف نے پہلے سندھ حکومت کو مغلظات بکیں جس پر سندھ حکومت نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ تو اس بیان پر کوئی تبصرہ دیا اور نہ ہی اس کی مذمت کی لیکن ان کے حالیہ بیان میں سندھ کو حالت گند میں قرار دینا در حقیقت سندھ کے عوام کی توہین اور اہانت ہے جس پر سینیٹر مشاہد اللہ خان سندھ کے عوام سے معافی مانگیں، اپنے ایک مشترکہ بیان میں پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی بد قسمتی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی پر وردہ جماعتیں اور نمائندے بھی ملک کے عوام کو زندہ لاشیں قرار دیتے ہیں تو کبھی جمہوری حق استعمال کرنے پر انہیں شرمندہ ہونے کا کہا جاتا ہے کبھی سیاست میں تشدد پر اکسایا جاتا ہے تو کبھی ان کی تذلیل کی جاتی ہے۔