وسیم اخترنے ضلع شرقی سے حلف اٹھایا

January 15, 2016 1:53 pm0 commentsViews: 19

کراچی(وقائع نگار خصوصی)متحدہ قومی مومنٹ کے نامزد میئر کراچی وسیم اختر نے ضلع شرقی میں حلف اٹھایا جس کا انعقاد وفاقی اردو یونیورسٹی میں کیا گیا تھا،جبکہ نامزد ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے ضلع وسطی میں حلف اٹھایا جس کا انعقاد کراچی میڈیکل وڈینٹل کالج میں کیا گیا تھا ۔

حلف برداری کی تقریبات سے ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر غائب
کراچی(سٹی رپورٹر) منتخب بلدیاتی نمائندوں کی حلف برداری کی تقریبات میں ضلع وسطی اور ضلع غربی کے ایڈ منسٹریٹرز اور میونسپل کمشنر نے شرکت کرنا گوارہ نہ کیا،حلف برداری کی تقریبات میں ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنر موجود تھے تاہم ایڈ منسٹریٹر اور میونسپل کمشنر غائب رہے، اس موقع پر موجود بعض افسران کا کہنا تھا کہ ضلع غربی اور ضلع وسطی کے ایڈ منسٹریٹرز اور میونسپل کمشنرزکئی کئی ہفتوں دفاتر سے غائب رہتے ہیں۔ان کے پاس منتخب بلدیاتی نمائندوں کی حلف برداری میں شرکت کا وقت نہیں ہے۔

حلف برداری کی تقریبات وقت پر شروع نہ ہوسکیں
کراچی(سٹی رپورٹر)منتخب بلدیاتی نمائندوں کیلئے منعقد کی جانے والی حلف برداری کی تقریبات مقررہ وقت پر شروع نہ کی جاسکیں جس کے باعث وہ اراکین جو مقررہ وقت پر تقریبات میں پہنچے انہیں شدیدپریشانی کا سامنا کرنا پڑا،ضلع شرقی میں حلف برداری کی تقریب کا مقررہ وقت دن12بجے مقرر کیا گیا تھا تاہم حلف برادری کی تقریب ڈھائی گھنٹے کی تاخیر سے سہ پہرڈھائی بجے شروع ہوسکی ،اسی طرح ضلع غربی میں صبح10بجے منعقد کی جانے والی تقریب ایک گھنٹے تاخیر سے شروع ہوئی،ضلع وسطی میں تقریب دن ڈھائی بجے منعقد ہونی تھی جو ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے 4بجے شروع ہوئی اسی طرح دیگر ڈسٹرکٹ میں بھی مقررہ وقت پر حلف برداری کی تقریبات منعقد نہ ہوسکیں۔

حلف برداری کی تقریبات سیاسی اکھاڑے بن گئے
کراچی میں6 سال کے بعد حلف برداری کی تقریبات میں سیاسی پارٹیوں کی حمایت میں نعرے بازی، 1200 اراکین نے حلف لیا
کراچی(سٹی رپورٹر) 6سال بعد شہر قائد کے 6ڈسٹرکٹ اور ضلع کونسل کے1200سے زائدمنتخب بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھالیا،حلف اٹھانے والے منتخب بلدیاتی نمائندوں میں ضلع جنوبی کے186،ضلع غربی کے264،ضلع کورنگی کے222،ضلع شرقی کے186،ضلع ملیر کے78،ضلع وسطی کے306جبکہ ضلع کونسل کراچی کے 38اراکین نے حلف اٹھایا ،حلف برداری کی تقریبات ضلع جنوبی کی وائی ایم سی اے گرائونڈ میں ہوئی،ضلع غربی کی سائیٹ زون آفس میں،ضلع کورنگی کی نجی شادی ہال میں ضلع شرقی کی وفاقی اردو یونیورسٹی ،ضلع ملیر کی اولڈ ڈی ایم سی بلڈنگ قائدآباد جبکہ ضلع وسطی کے اراکین کی حلف برداری کی تقریب کاکراچی میڈ یکل وڈینٹل کالج میں کیا گیا تھا، منتخب بلدیاتی نمائندوں سے ایڈ یشنل سیشن ججز نے حلف لیا،حلف برادری کی تقریبات کے موقع پر منتخب بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے اپنی اپنی سیاسی جماعتوں کے حق میں زبردست نعرے بازی کا سلسلہ جاری رہا ،اس موقع پر یہ تقریبات سیاسی اکھاڑے کا منظر پیش کر رہی تھیں،حلف برداری کی تقریبات کے موقع پر سیاسی جماعتوں کے کارکنان سمیت بڑی تعداد میں شہری بھی شریک تھے، حق پرست اراکین جئے متحدہ،جئے الطاف کے نعرے لگارہے تھے ۔