گھریلو ماسیاں ایک کروڑ سے زائد مالیت کی چوری کرکے فرار

January 15, 2016 1:54 pm0 commentsViews: 27

گلستان جوہر میں ارسلان نامی شخص کے گھرسے2ماسیوں نے قیمتی سامان ،زیورات ،ملکی و غیر ملکی کرنسی کا صفایا کردیا
کلفٹن تین تلوار کے قریب دفتر میں ڈکیتی، مسلح افراد عملے کو یرغمال بنا کر موبائل فون اور لیپ ٹاپ لوٹ کر فرار ہوگئے
کراچی (کرائم رپورٹر)گلستان جوہر بلاک 15میں دو گھریلو ملازمائیں گھر سے بھاری مالیت کے طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئیں ، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزموں کی تلاش شروع کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر تھانے کی حدود گلستان جوہر بلاک 15میں ارسلان نامی شخص کے گھر سے دو گھریلو ملازمائیں قیمتی سامان ، طلائی زیورات ، پاکستانی اور غیر ملکی کرنسی لیکر فرار ہوگئیں ، پولیس کے مطابق گھریلو ملازمائیں دو دن قبل ہی گھر پر ملازمت پر رکھی گئی تھیں اور جو انہوں نے اپنے کوائف جمع کرائے ہیں اسکا ریکارڈ بھی معلوم کیا جارہا ہے چوری ہونے والے زیورات میں ارسلان کی ہمشیرہ اور دیگر کے زیورات بھی تھے اور چوری ہونے والے سامان کی مالیت ایک کروڑ سے زائد بتائی جاتی ہے۔ دوسری جانب کلفٹن تین تلوار کے قریب قائم امپورٹ ایکسپورٹ کمپنی کے دفتر میں مسلح ملزمان نے داخل ہو کر اسلحے کے زور پر وہاں موجود افراد کو یرغمال بنایا اور لیپ ٹاپ موبائل فون اور وہاں موجود نقدی بھی لے اڑے۔