آج صبح، لیاری میں مقابلہ ،عذیر گروپ کا کارندہ ہلاک، مچھر کالونی اور عیدگاہ سے چار ملزمان گرفتار

January 15, 2016 2:22 pm0 commentsViews: 40

رینجرز اور پولیس نے صبح سویرے سنگولین کے علاقے میں مشترکہ کارروائی کے دوران ایک گھر کو گھیرے میں لے لیا تھا جہاں سے ملزمان نے فائرنگ کردی ،مقابلے میں ایک مارا گیا دوسرا فرار
مچھر کالونی میں مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، دونوں ڈکیت ہیں، گارڈن سے گرفتار ملزمان سے چرس برآمد کرلی گئی
کراچی( کرائم رپورٹر: بلال خان) آج صبح لیاری سنگو لین میں رینجرز اور پولیس سے مقابلے میں عذیر بلوچ گروپ کا کارٍندہ مارا گیا۔ تین کارندے فرار ہوگئے۔ مچھر کالونی اور عید گاہ میں پولیس کی کاررائیاں مقابلے کے بعد دو زخمیوں سمیت ملزمان کو گرفتار اسلحہ منشیات اور مسروقہ سامان بر آمد کرلیا گیا تفصیلات کے مطابق آج صبح چاکیواڑہ تھانے کی حدود لیاری سنگو لین مولا مدد کے قریب مکان پر رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گھیرے میں لے لیا جس پر مکان میں موجود ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، رینجرز اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔ جبکہ3 ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ بر آمد کرلیا۔ پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کیا جہاں ملزم کی شناخت 30 سالہ ناصر ولد عبدالقادر کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم لیاری سنگو لین کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ اور لیاری گینگ وار عذیر جان بلوچ کا کارندہ ہے۔ پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مقابلے میں مارے جانے والا ملزم پولیس کو متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔ ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی میں پولیس مقابلے کے دوران2 ملزمان 25 سالہ فہیم ولد عبدالستار اور 25 سالہ جہانزیب ولد عبدالکریم زخمی ہوگئے جنہیں پولیس نے حراست میں لے کر طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان اسٹریٹ کرمنلز اور ڈکیت ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر چکے ہیں۔ پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان راہگیر کو لوٹ کر فرار ہو رہے تھے پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں ملزمان زخمی ہوگئے۔ جو کہ سول اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ادھر عید گاہ کے علاقے گارڈن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان عبدالحمید ولد میر رحمن اور ضیاء الرحمن ولد عبدالحمید کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے3040 گرام چرس بر آمد کرلی۔اور ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 07/2016درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔