ٹیپو سلطان اور یونیورسٹی روڈ پر سیوریج کی 2 بڑی لائنیں اچانک بیٹھ گئیں، پانی بھرنے سے شدید ٹریفک جام

January 16, 2016 1:18 pm0 commentsViews: 55

35 سال پرانی لائن اچانک بیٹھنے سے سڑک کے درمیان بڑا گڑھا پڑ گیا، لائن کا متاثرہ حصہ تباہ ہوگیا، آمد و رفت معطل ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں
یونیورسٹی روڈ پر18انچ قطر کی لائن سے رسائو سے مین شاہراہ پانی سے بھر گئی، وزیر بلدیات کا متاثرہ مقام پر پہنچ کر مرمت کے کام کا معائنہ
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ٹیپو سلطان اور شہید ملت روڈ کے انٹرکنکشن پر سیوریج کی 24 انچ کی لائن سنگ ڈائون( بیٹھ) ہوگئی جبکہ مین یونیورسٹی روڈ پر شیخ زید سینٹر کے پاس18 انچ قطر کی لائن زمین بوس ہوگئی جس کی وجہ سے یونیورسٹی روڈ سیوریج کے پانی سے بھر گیا، تاہم واٹر بورڈ کے افسران کے بروقت پہنچ جانے کے بعد نکاسی آب کا متبادل بندوبست کر دیا گیا، اطلاع کے مطابق ٹیپو سلطان روڈ شہید ملت روڈ کے انٹر کنکشن پر سیوریج کی35 سال پرانی 24 انچ قطر کی سیوریج لائن سنک ڈائون ہوجانے کے باعث بیٹھ گئی اور سڑک پر گہرا گڑھا پڑ گیا تاہم سیوریج کا پانی اوور فلو نہیں ہوا تھا۔ چیف انجینئر کے مطابق سیوریج لائن کی تبدیلی کا کام رات کے اوقات میں کیا، چین کپی والی ہیوی مشین اور ایکسویٹر کی مدد سے کھدائی کی گئی جس کے بعد سیوریج لائن کا متاثرہ حصہ تبدیل کر دیا گیا، سڑک پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا تھا، دریں اثناء صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے بھی ایم ڈی واٹر بورڈ کے ہمراہ متاثرہ لائن کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے دو رہ کیا۔ صوبائی وزیر بلدیات کو اس سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایم ڈی واٹر بورڈ نے لائن کی تبدیلی کے دوران بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ضلعی میونسپل کارپوریشن کے وہاں موجود افسران سے بھی لائن کی تبدیلی کے دوران تعاون پر تبادلہ خیال کیا تا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں دونوں ادارے واٹر بورڈ کی مدد کر سکیں اور لائن کی بحالی کے کام میں کوئی رکاوٹ نہ رہے۔