پیپلز پارٹی کا سندھ میں اہم تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ

January 18, 2016 2:41 pm0 commentsViews: 13

بلاول بھٹو پنجاب سے واپسی کے بعد سندھ میں تبدیلیو ں کے بارے میں رہنمائوں سے مشاورت کرینگے
کراچی( نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پنجاب دورے سے واپسی کے بعد سندھ میں حکومتی اور تنظیمی معاملات کے حوالے سے غیر معمولی اقدامات کریں گے‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب سے واپسی کے بعد پارٹی کے رہنمائوں سے بلاول زرداری کی ایک طویل نشست ہوگی جس میں حکومتی کارکردگی سمیت بلدیاتی اداروں کے منتخب نمائندوں کی جانب سے عوامی مسائل حل کرنے اور شہروں میں لوگوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے حکمت عملی ترتیب دی جائیگی‘ سندھ میں حکومتی اور پارٹی عہدے علیحدہ کرنے کا فارمولا بھی کافی عرصے سے زیر غور ہے لیکن تا حال ااس پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا‘ عین ممکن ہے کہ اجلاس میں سندھ کی سطح پر حکومتی اور تنظیمی عہدے الگ کئے جائیں‘ پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی عام انتخابات سمیت بلدیاتی انتخابات جیت چکی ہے تاہم حکومتی کارکردگی کے حوالے سے پارٹی کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔