متحدہ کے ناراض کارکنوں کو نئے سیٹ اپ میں شامل کرنے کا فیصلہ

January 19, 2016 4:56 pm0 commentsViews: 40

الطاف حسین نے عامر خان کو ناراض کارکنوں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کردی، مہاجر قومی موومنٹ میں جانے والوں کو واپس لانے کا ٹاسک دیا گیا ہے
نئے تنظیمی سیٹ اپ میں عامر خان اور ان کے ہم خیال رہنمائوں کی منظوری کے بعد کارکنوں کو شامل کیا جائے گا ،حیدر عباس اور قمر منصور بھی ساتھ ہونگے
کراچی( نیوز ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیو ایم کے نئے تنظیمی سیٹ اپ میں ناراض کارکنوں کو شامل کرنے کی ہدایت کر دی ہے عامر خان کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے لانڈھی میں کورنگی ، شاہ فیصل کالونی، ملیر، لیاقت آباد اور لائنز ایریا کے ان کارکنوں کو نئے سیٹ اپ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ جو ناراض ہو کر مہاجر قومی موومنٹ میں چلے گئے تھے ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں عامر خان کو ناراض کارکنوں سے رابطے کرنے کو کہا گیا ہے ذرائع کے مطابق تنظیمی سیٹ اپ میں تبدیلی کے بعد متحدہ کراچی میں اب26 سیکٹروں کو 26 ٹائون بنائے گی۔ الطاف حسین نے سینٹرل ایگزیکٹو کونسل اور رابطہ کمیٹی کو تنظیم نو کی ہدایت کی ہے۔۔ یو سی آرگنائزر ( سابق یونٹ انچارج)، ٹائون آرگنائزر ( سابق سیکٹر انچارج) اور آرگنائزنگ کمیٹیوں کے انچارجز اور ممبران متحدہ کے رہنما عامر خان اور ان کے ہم خیال رہنمائوں کی منظوری سے لگائے جائیں گے۔ اس حوالے سے لندن میں محمد انور اور ندیم نصرت سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ عامر خان نے اس حوالے سے حیدر عباس رضوی اور قمر منصور کو اپنے ساتھ رکھا ہے۔