ڈاکٹر عاصم کیخلاف 13ملین روپے خورد برد کرنیکی رپورٹ پیش

January 19, 2016 4:57 pm0 commentsViews: 15

ڈاک لیبر بورڈ اسپتال کے 73فیصد ملازمین کے علاج کی مد میں 150 ملین روپے کافائدہ حاصل کیا
سابق وفاقی وزیر نے کراچی اسٹاک ایکسچینج کے بروکرز کو بھی اربوں روپے کا نقصان پہنچایا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو نیب نے ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف13 ملین روپے کی خورد برد سے متعلق رپورٹ پیر کو احتساب عدالت میں جمع کرا دی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم کی خورد برد سے متعلق شواہد مل گئے اور انہوں نے 13 ملین روپے کی خورد برد کرنے کے علاوہ ڈاک لیبر بورڈ اسپتال کے73 فیصد ملازمین کو اپنے ذاتی اسپتال ضیاء الدین کومنتقل کرکے ان کے علاج کی مد میں150 ملین روپے کا فائدہ حاصل کیا۔ نیب کے مطابق ڈاک لیبر بورڈ کے سیکریٹری صفدر کو اس اقدام کے عوض ریٹائرمنٹ کے بعد ضیاء الدین اسپتال میں ہیومن ریسورس کے جنرل منیجر کا عہدہ بھی دیا گیا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کراچی اسٹاک ایکسچینج کے بروکرز کو بھی اربوں روپے کا نقصان پہنچایا اور اپنے دوست جہانگیر صدیقی کے بینک کو170 ملین امریکی ڈالرز فراہم کئے۔