پنجاب میں دہشتگردوں کا بڑا نیٹ ورک موجود ہے، منظور وسان

January 19, 2016 4:57 pm0 commentsViews: 14

موجودہ آرمی چیف کی موجودگی میں یہ نیٹ ورک ختم نہیں ہوا تو پھر کبھی ختم نہیں ہوسکے گا،2016 پاکستان کیلئے مختلف سال ثابت ہوگا
کراچی سمیت سندھ بھر سے ڈاکو راج ختم کردیا، کراچی سے بھتہ مافیا اور ٹارگٹ کلنگ کا بھی خاتمہ کیا گیا ہے ،صوبائی وزیر
خیر پور( نیوز ایجنسیاں) پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ مخالفین نے گرینڈ الائنس ایک دوسرے کے گھروں پر کھانا کھانے اور میڈیا میں آنے کیلئے بنایا ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈاکو راج ختم کیا جائے۔ کراچی سے بھتہ مافیا اور ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ کرکے سندھ میں90 فیصد امن و امان بحال کیا۔ ہمارے پاس فارغ وقت نہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت میں اپنا وقت دیا ہے سندھ میں ہر ضلع میں ترقیاتی کام جاری ہے، نواز شریف اپنی مدت پوری نہیں کر سکیں گے۔ نو منتخب بلدیاتی نمائندوں سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ مستقبل کا وزیر اعظم بلاول بھٹو کو دیکھ رہا ہوں، خواب دیکھنا سب کا حق ہے مگر میں جو خواب دیکھ رہا ہوں وہ کوئی بھی نہیں دیکھ سکتا، 2016ء میں کرپشن اور دہشت گردی ختم ہوگی اور ملک خوشحال ہوگا۔ پنجاب میں دہشت گردوں کا بڑا نیٹ ور ک موجود ہے۔ موجودہ آرمی چیف کی موجودگی میں یہ نیٹ ورک ختم نہیں ہوا تو کبھی ختم نہیں ہو سکے گا۔ 2016ء دیگر سالوں سے مختلف ہوگا اس سال ملک سمیت دنیا میں کافی تبدیلیاں آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کو صرف شور شرابہ اور تنقید کے علاوہ کوئی کام نہیں اور نا ہی ان کو عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی ہے سندھ کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جاتا ہے مگر اب سندھ کے ساتھ زیادتیاں برداشت نہیں کی جائیں گی اور ہر محاذ پر سندھ کے مخالفین کا مقابلہ کیا جائے گا۔