کراچی میں ، تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ، کے الیکٹرک کے 50فیڈر ٹرپ کرگئے

January 19, 2016 5:30 pm0 commentsViews: 20

شہر کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا، بارش کے بعد شہر کی مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک جام ہوگیا
فائیو اسٹار چورنگی پر بارش کا پانی جمع ہونے سے سڑک کا ایک حصہ دھنس گیا جس میں پانچ گاڑیاں پھنس گئیں
کراچی( اسٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش موسم سرد ہوگیا تاہم کے الیکٹرک کے50سے زائد فیڈر ٹرپ ہونے سے شہر کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا محکمہ موسمیات نے اچانک بارش کے سسٹم سے لا علمی کا اظہار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی شام شہر کے مختلف علاقوں کورنگی، لانڈھی، ملیر، گلشن حدید، گلشن اقبال، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، نارتھ کراچی، نیو کراچی، پی آئی بی کالونی، اولڈ سٹی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں پیر کی شب اچانک تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اچانک بارش کے نتیجے میں مختلف سڑکوں پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا۔ اور سڑکوں پر پھسلن کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار گر گئے۔ بارش کے باعث کے الیکٹرک کے50 فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے آج صبح تک کئی علاقوں میں بجلی بحال ہوئی تھی دوسری طرف موسمیات کے مطابق شہر میں آج بھی مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد عباسی نے رین ایمر جنسی نافذ کر دی۔ دوسری جانب بارش کے نتیجے میں58 فیڈر ٹرپ کر گئے۔ کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق زیادہ تر فیڈر ضلع وسطی میں ٹرپ ہوئے تاہم بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث سڑک کا ایک حصہ دھنسنے سے 5 گاڑیاں پھنس گئیں۔ شہری اپنی مدد آپ کے تحت گاڑیاں نکالتے رہے واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل مذکورہ سڑک پر لائن ڈالنے کیلئے کھدائی کی گئی تھی شہری رات گئے تک پھنسی گاڑیوں کو نکالنے میں مصروف تھے۔