جناح اسپتال کو جدید ترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، گورنر سندھ

January 19, 2016 5:50 pm0 commentsViews: 25

سائیکلو ٹرون کی فراہمی سے اسپتال کا کینسر سینٹر ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ مرکز بن جائے گا
نیور و لوجی ، ریڈیو لو جی سمیت دیگر شعبہ جات کے دورے کے موقع پر ڈاکٹر عشرت العباد خان کی گفتگو
کرچی( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ سائیکلو ٹرون کی فراہمی سے جناح اسپتال کا کینسر سینٹر مریضوں کے علاج کیلئے ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ مرکز بن جائے گا اور پاکستان میں اپنی نوعیت کا جدید ترین سینٹر ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے نیو رو لوجی، ریڈیو لوجی اور دیگر شعبہ جات کے دورے کے دوران کیا۔ گورنر نے کہا کہ جناح اسپتال نہ صرف کراچی اور صوبے سندھ بلکہ پورے پاکستان کے مریضوں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال میں سائبر نائف سے بھی سرجری کی جدید ترین سہولیات کی فراہمی ممکن ہوئی ہے گورنر نے مزید کہا کہ جناح اسپتال میں609 بستروں پر مشتمل تعمیر کی جانے والی نئی8 منزلہ بلڈنگ کی تعمیر کے بعد مریضوں کو مزید طبی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال کو جدید ترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ تا کہ یہاں مزید مریضوں کو علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات میسر ہوسکیں۔ اس موقع پر گورنر سندھ کوبریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ اسپتال کو سہولیات کی فراہمی کیلئے نجی شعبہ اور مخیر حضرات کا تعاون حاصل ہے جن کی مالی مدد سے اسپتال کے کئی شعبوں میں سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا گیا ہے۔