زیادہ بھرتیوںنے بلدیاتی اداروں کو تباہ کردیا،وزیر بلدیات

January 19, 2016 5:50 pm0 commentsViews: 16

اورنگی ٹائون سمیت کراچی میں کہیں بھی آلودہ پانی فراہم نہیں کیاجاتا، ایم کیو ایم کے توجہ دلائو نوٹس پر جواب
قائدآباد فلائی اوور کے نیچے 200سے زائد دکانیں قائم کرکے 8 کروڑ وصول کیے گئے، جلد ہٹادینگے، جام خان شورو
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا ہے کہ سابقہ بلدیاتی حکومتوں نے ضرورت سے زائد بھرتیاں کرکے بلدیاتی اداروں کو تباہ کر دیا ہے ۔ اورنگی سمیت کراچی میں کہیں بھی آلودہ پانی فراہم نہیں کیا جاتا ۔ وہ پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کے ارکان کے توجہ دلاؤ نوٹس پر بیان دے رہے تھے۔ ایم کیو ایم کے رکن وقار حسین شاہ نے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا کہ قائد آباد فلائی اوور کے نیچے200 سے زائد دکانیں قائم ہیں ۔ یہ غیر قانونی دکانیں 4 لاکھ روپے فی دکان لے کر قائم کرائی گئیں ۔ اس طرح 8کروڑ روپے وصول کیے گئے ۔ تجاوزات کو ختم کرنے کے حکومت سندھ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ اگر کوئی قانونی مسئلہ نہیں ہوا تو یہ دکانیں جلد ہٹا دی جائیں گی ۔