پاکستان میں ڈھائی کروڑ افراد نے تمباکو پر اربوں روپے پھونک دیے

January 19, 2016 6:05 pm0 commentsViews: 27

ڈیڑھ کروڑ تمباکو نوشی اور ایک کروڑ سے زائد افراد چبانے والا تمباکو استعمال کرتے ہیں
تمباکونوشی سے ہرسال اموات کی تعداد ایک لاکھ8800 تک پہنچ چکی ہے، انٹرنیشنل لنگزفائونڈیشن
اسلام آباد( نیوز ڈیسک)پاکستان میں تمباکو استعمال کرنے والوں کی تعداد ڈھائی کروڑ تک پہنچ گئی‘ ڈیڑھ کروڑ تمباکو نوشی اور ایک کروڑ سے زائد افراد چبانے والا تمباکو استعمال کرکے ہر سال اربوں روپے دھویں اور چھالیہ کی نذر کردیتے ہیں‘ انٹر نیشنل لنگز فائونڈیشن کے مطابق پورے ملک میں ہر سال تمباکونوشی سے اموات کی تعداد ایک لاکھ8ہزار800 تک پہنچ چکی ہے جبکہ روزانہ اموات کی تعداد 298 ہے‘ سگریٹ نوشی کرنیوالوں سے متاثر ہونیوالے افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہواہے‘ عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے وزارت صحت کی طرف سے کروائے گئے سروے میں یہ بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں اس وقت 23.9 ملین بالغ افراد تمباکو استعمال کرتے ہیں جن میں سے31.8 فیصد مرد اور 5.8 فیصد خواتین تمباکو نوشی کرتی ہیں‘ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 16.8 ملین افراد کام کے دوران سگریٹ نوشی کرنے والے لوگوں کے دھویں سے متاثر ہوتے ہیں‘56.3 ملین نوجوان گھروں کے اندر ہونیوالی تمباکونوشی سے متاثر ہوتے ہیں‘21.2 ملین نوجوان ہوٹلوں میں جا کر متاثر ہوتے ہیں جبکہ49.2 فیصد نوجوان گاڑیوں میں سفر کے دوران دوسرے افراد کی تمباکونوشی سے متاثر ہیں۔