میئر بننے کا مرحلہ ابھی باقی ہے، ایم کیو ایم اختیارات کس کیلئے مانگ رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

January 19, 2016 6:09 pm0 commentsViews: 32

کراچی آپریشن جاری رہے گا وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار تو کراچی نہیں آئے لیکن رینجرز کے اختیارات کا معاملہ حل ہوچکا ہے
بلدیاتی اداروں کو 2001 میں جو اختیارات حاصل تھے وہ اب نہیں مل سکتے کیونکہ نیا قانون بن چکا ہے ،پریس کلب کے عہدیداروں سے بات چیت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کراچی تو نہیں آئے لیکن رینجرز کے اختیارات کا معاملہ حل ہوچکا ہے‘ ابھی کراچی کے میئر بننے کا مرحلہ باقی ہے‘ ایم کیو ایم اختیارات کس لئے مانگ رہی ہے‘ کراچی آپریشن جاری رہے گا‘ کراچی میں جرائم کے خاتمے میں پولیس اور رینجرز کی بڑی قربانیاں ہیں جن کی بدولت امن و امان بحال ہوا ہے‘ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ امن کی بحالی میں سندھ حکومت رکاوٹ بنے گی‘ رینجرز کے قیام کا معاملہ آئینی تقاضے کے مطابق اسمبلی میں کیا گیااور اسمبلی نے واضح کیا کہ امن کی بحالی کیلئے کون سے ایریا میں رینجرز کو دیئے جانیوالے اختیارات کا اطلاق ہوگا‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیراعلیٰ ہائوس میں کراچی پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ابھی توکراچی کا میئر بنا ہی نہیں ہے‘ ایم کیو ایم اختیارات کس کیلئے مانگ رہی ہے‘ 2001 ء کے قانون میں جو اختیارات بلدیاتی حکومت کو حاصل تھے وہ اختیارات تو اب نہیں مل سکتے کیوں کہ نیا قانون بن چکا ہے ‘انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پولیس‘ تعلیم صحت سمیت دیگر اختیارات حاصل کرنے کا مطالبہ کررہی ہے‘ اگر یہ سارے محکمے ان کو دے دیں تو پھر سندھ حکومت گھر چلی جائے ‘وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایم کیو ایم نے موجودہ بلدیاتی قانون کے تحت انتخابات میں حصہ لیا لہٰذا بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات بھی اسی قانون کے تحت ملیں گے‘ وزیراعلیٰ نے وفد کویقین دلایا کہ تمام مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔