کراچی میں ممکنہ دہشت گردی کے خطرات، سیکورٹی الرٹ جاری

January 20, 2016 3:22 pm0 commentsViews: 24

ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشن، سرکاری اور نجی دفاتر اور اہم تنصیبات کی سیکورٹی سخت کرنے کی ہدایت
کراچی (کرائم رپورٹر)صوبائی سطح پر تمام حساس تنصیبات سمیت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے جملہ اقدامات فول پروف بنائے جائیں۔آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے پشاور میں ہونے والے بم دھماکہ کے تناظر میں پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈسٹرکٹس اور زونز کی سطح پر تمام حساس تنصیبات ، اہم عمارتوں ، ایئر پورٹس ، ریلوے اسٹیشنز ، بس ٹرمینلز وغیرہ سمیت تمام پبلک مقامات ، شاپنگ سینٹرز ،تجارتی و صنعتی علاقوں میں سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات پر کنٹی جینسی پلان کے مطابق عمل درآمد کویقینی بنایا جائے۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے پولیس کو جاری کی گء ہدایات میں کہا ہے کہ عوام الناس اور انکی املاک کے تحفظ کے ضمن میں علاقوں اور کرائم انالیسز کے لحاظ سے پیٹرولنگ ، اسنیپ چیکنگ ، پکٹنگ کے علاوہ مضافاتی علاقوں میں انٹیلی جینس کلیکشن ،شیئرنگ سمیت تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی اور سرچنگ کے عمل کو مذید ٹھوس اور مربوط بنایا جائے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ کی تمام مرکزی شاہراہوں ، سپر ہائی وے پر تھانوں کے لحاظ سے گشت اور بالخصوص سندھ کے داخلی مقامات پر ناکہ بندی کے تحت سرچنگ کے مجموعی امور کو مذید سخت اور غیر معمولی بنایا جائے۔انہوں نے مذید کہا کے فرائض منصبی کی ادائیگی میں اختیارات سے تجاوز ہر گز نہ کیا جائے اور قانون پسند شہریوں کا خیال رکھا جائے بصورت دیگر سخت انضباطی کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔