بس اسٹاپ پر کھڑا شخص پراسرار طور پر ہلاک ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

January 20, 2016 4:19 pm0 commentsViews: 42

کراچی(کرائم رپورٹر)اورنگی ٹائون میںبس کے انتظار میں کھڑا شخص پراسرار طور پر گر کر ہلاک ہوگیا، تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون کے علاقے منگھوپیر روڈ 60 نمبر بس اسٹاپ پر کھڑا شہری 30 سالہ محمد روام ولد گل نذیر گر کر ہلاک ہوگیا، لاش کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال پہنچایا ، اس ضمن میں ایس ایچ او صابر خاصخیلی کا کہنا ہے کہ متوفی مذکورہ مقام پر کھڑا بس کا انتظار کررہا تھا کہ زمین پر گر کر ہلا ک ہوگیا، وہ بخاری کالونی کے مکان نمبر 313 کا رہائشی تھا پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ معلوم ہوگی۔

میوہ شاہ قبرستان کے قریب مین ہول میں گر کر بچہ ہلاک
حادثے کے وقت13 سالہ عبدل دوستوں کے ساتھ کھیل رہا تھا، کباڑی بازار کے قریب ملنے والی لاش نشئی کی نکلی
کراچی(کرائم رپورٹر)جہان آباد میں مین ہول میں گر کر 13 سالہ بچہ ہلاک ہوگیا، ریسکیوں رضا کاروں نے لاش نکال کر اسپتال منتقل کردی، ریکسر پل کے قریب سے نشے کے عادی شخص کی لاش ملی، تفصیلات کے مطابق پاک کالونی کے علاقے جہان آباد میوہ شاہ قبرستان جانے والے روڈ پر کرکٹ کھیلنے کے دوران 13 سالہ عبدل محمد ولد سلیمان گٹر میں گر کرکے جاں بحق ہوگیا۔ اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی بچہ اپنے دوستوں کے ساتھ کھیل رہا تھا کہ گٹر ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے گٹر میں گر کر ہلاک ہوگیا، متوفی جہان آباد کا رہائشی تھا۔ پاک کالونی کے علاقے ریکسر پل کے قریب ستار کباڑی کی دکان کے پاس سے 30 سالہ نشے کے عادی شخص کی لاش ملی ، پویس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے بعد شناخت کیلئے ایدھی سرد خانے میں رکھوادی ہے ۔

بجلی کے میٹر میں آتشزدگی 3خواتین جھلس کر زخمی
کراچی(کرائم رپورٹر)اورنگی ٹائون میں بجلی کے میٹر میں آگ لگنے کی وجہ سے تین خواتین جھلس کر زخمی ہوگئیں، گھر میں رکھا فرنیچر اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا،فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر 20 منٹ میں آگ پر قابو پالیا، تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ کے اورنگی ٹائون سیکٹر 11 لعل شہباز نگر کے مکان نمبر 488 میں منگل کی دوپہر اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، آگ کی اطلاع ملتے ریسکیوں رضا کار ، پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑی موقع پر پہنچ گئی ، فائر بریگیڈ کے عملے نے 20 منٹ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ، آگ لگنے کے نتیجے میں گھر میں موجود تین خواتین 50 سالہ ساجدہ، 25 سالہ شائستہ اور 28 سالہ عمیرہ جھلس کر زخمی ہوگئیں۔