گڈزٹرانسپورٹرز نے حکومت کو4فروری تک ڈیڈلائن دیدی

January 20, 2016 4:28 pm0 commentsViews: 29

مطالبات منظور نہ ہوئے تو ملک بھر میں اپنا کاروبار بند کرکے غیرمعینہ مدت کی ہڑتال کرینگے
ایف بی آر کی جانب سے ایڈوانس انکم ٹیکس میں 300 فیصد اضافہ واپس لیاجائے،شعیب خان کی پریس کانفرنس
کراچی(اسٹاف رپورٹر) یونائیٹڈ گڈز الائنس نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر4 فروری2016 تک ہمارے مطالبات منظور نہ کئے گئے تو کراچی سمیت ملک بھر میں اپنے کاروبار بند کرکے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کریں گے‘ یہ اعلان الائنس کے جنرل سیکریٹری محمد شعیب خان نے منگل کو کراچی پریس کلب میں دیگر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘انہوں نے کہا کہ ہمیں ہڑتال پر مجبور کیا جارہا ہے ہمارے پاس مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں ہڑتال کے سوا کوئی اور راستہ نہیں ہے‘ الائنس کے رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی منڈی کے مطابق تیل کی قیمتیں مقرر کی جائیں‘ ایف بی آر کی جانب سے ایڈوانس انکم ٹیکس میں300 فیصد اضافہ واپس لیا جائے‘ مال گاڑیوں کا اغواء اور لوٹ مار کی روک تھام کی جائے‘ موٹر وے پولیس کی جانب سے بھاری جرمانوں اور ٹھیکیداری نظام کو ختم کیا جائے‘ کسٹم اور ایکسائز حکام کو خود ساختہ لوٹ مار ختم کی جائے ‘ افغانستان کی گاڑیوں کا لوکل مارکیٹ میں تجارت میں عمل دخل بند کیا جائے‘ مائی کولاچی روٹ کو ہیوی گاڑیوں کیلئے کھولا جائے یاسارا دن بائی پاس تعمیر کی جائے اپنی حفاظت کیلئے اسلحہ لائسنس جاری کئے جائیں۔