لاکھوں مالیت کی زائد المیعاد ادویات کی خریداری کی تحقیقات

January 20, 2016 4:35 pm0 commentsViews: 15

بلدیہ عظمیٰ کے ڈائریکٹر مسعود عالم سمیت 5اعلیٰ افسران کیخلاف کارروائی کے لئے چیف سیکریٹری سندھ سے اجازت طلب کرلی گئی
محکمہ میونسپل سروسز کے گودام پر چھاپے کے دوران ملیریا اور ڈینگی سے بچائو کے لئے خریدی گئی زائد المیعاد ادویات برآمد کی گئیں تھیں
کراچی( سٹی رپورٹر) اینٹی کرپشن پولیس نے بلدیہ عظمیٰ کے گریڈ20 کے ڈائریکٹر مسعود عالم سمیت 5 افسران کیخلاف کارروائی کیلئے چیف سیکریٹری سندھ سے اجازت طلب کرلی‘ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کے ذریعے چیف سیکریٹری صدیق میمن کو بھیجی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن پولیس نے چند دنوں قبل بلدیہ کراچی کے محکمہ میونسپل سروسز کے گودام پر چھاپہ مارکر ملیریا اور ڈینگی کے امراض سے بچائو کیلئے خریدی گئی لاکھوں روپے مالیت کی زائد المیعاد ادویات برآمد رکی تھیں‘ انکوائری کے دوران کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم کا اس حوالے سے بیان ریکارڈ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے انکار کیا‘ مسعود عالم کو متعلقہ افسران کے حوالے سے بھی متعد خطوط لکھے گئے جن کا کوئی جواب نہیں دیا گیا‘ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کو اس حوالے سے گریڈ‘18,17 اور 19 کے5 اعلیٰ افسران مطلوب ہیں‘ اینٹی کرپشن کی انکوائری کے مطابق انسانی جانوں کو موذی امراض سے محفوظ رکھنے والی ادویات خریدنے کے باوجود انہیں استعمال نہیں کیا گیا اور خریداری میں بھی بعض بے قاعدگیاں نوٹ کی گئی تھیں۔