محکمہ ثقافت رضوان حیدر برنی کی مالی امداد کرے‘فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن

January 20, 2016 4:32 pm0 commentsViews: 42

پچاس سال تک اپنے قلم سے خدمت کرنے والے صحافی شدید علیل اور مالی مشکلات کا شکار ہیں
کراچی( کلچرل رپورٹر)پاکستان فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے رکن سینئر فلمی صحافی رضوان حیدر برنی ان دنوں شدید علیل ہیں اور مالی مشکلات کا شکار ہیں ۔رضوان حیدر برنی گزشتہ50سال سے فلمی صحافت کے شعبہ سے وابستہ ہیں مختلف فلمی جرائدخدمات انجام دے چکے ہیں ماضی میں انکے بائی پاس آپریشن کے اخراجات اداکار عمر شریف نے ادا کئے تھے ان دنوں وہ اپنی بھانجی کے گھر رہ رہے ہیں اور وہی انکے علاج معالجہ کے اخراجات اپنے محدود وسائل میں برداشت کررہی ہیں ۔ایسوسی ایشن کے وفد نے گزشتہ روز ان کی عیادت کی اور ایسوسی ایشن کے جانب سے فوری طورپرضروری ادویات کیلئے مالی معاونت کی ۔ فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداران اطہر جاوید صوفی ، عبدالوسیع قریشی ، پرویز مظہر ، ذیشان صدیقی‘ جنید رضوی‘ قیصر مسعود جعفری‘ جی ایم خاصخیلی‘ مصطفی ملاح اور اشرف میمن نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ اور مشیر ثقافت شرمیلا فاروقی سے اپیل کی ہے کہ حکومت سندھ رضوان حیدر برنی کے علاج کے میں ہونے والے اخراجات برداشت کریں بلکہ انڈومنٹ فنڈ سے ماہانہ وظیفہ مقرر کیا جائے۔ رضوان حیدر برنی نے پاکستان ٹیلی ویژن اور انڈس ٹی وی کیلئے بہت سے پروگراموں کے اسکرپٹ بھی لکھے ہیں اور مختلف جرائد میں بھی ان کے تحقیقی مضامین شائع ہوتے رہے ہیں۔