چارسدہ دہشتگردی، وزیراعلیٰ سندھ کا صوبہ میں 3روزہ سوگ کا اعلان

January 21, 2016 11:57 am0 commentsViews: 20

قومی پرچم سرنگوں رہے گا، اسکولوں میں تینوں دن اسمبلی میں شہداء کے ایصال ثواب کی دعا کی جائے گی
دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں ،مذموم کھیل میں کامیاب نہیں ہونے دینگے، دہشتگردوں کیخلاف مزید سخت اقدامات کی ضرورت ہے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے چارسدہ کی باچاخان یونیورسٹی میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے دہشتگردی کی بزدلانہ کاروائی قرار دیا ہے۔انہوں نے سانحہ چارسدہ یونیورسٹی کے سلسلے میں صوبہ سندھ میں تین دن تک سوگ کا اعلان کیا ہے اور تینوں دن صوبے میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور اسکولوں میں تینوں دن اسمبلی میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے مذموم ارادے کبھی کامیاب نہیں ہونگے اور وہ ہمارے تعلیمی اداروں پر حملے کرکے ہمیں مرعوب کرنا چاہتے ہیں، مگر ہماری قوم کا مثالی اتحاد ان تمام سازشوں کو ناکام کردیگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پورے ملک میں دہشتگردوں کے خلاف مزید سخت اقدام لینے کی ضرورت ہے تاکہ ملک سے دہشتگردوں کامکمل طور پر قلع قمع کیا جا سکے۔