کابل:خودکش کا ربم دھماکہ،7افراد ہلاک،24زخمی
روسی سفارتخانے کے قریب اسٹاف کو لے جانے والی ایک ٹی وی چینل کی بس کو نشانہ بنایا گیا
دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، ٹی وی چینل کے کچھ ارکان بس کے اندر ہی جل گئے
کابل( مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے دار الحکومت کابل میں روس کے سفارتخانے کے قریب ایک ٹی وی چینل کی بس پر خود کش کار بم دھماکے میں7 افراد ہلاک اور24 زخمی ہوگئے۔ فوری طور پر کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ خود کش دھماکا روس کے سفارتخانے کے قریب ہوا اور بم بار کا ٹارگٹ شاید سفارتخانہ ہی ہو سکتا تھا۔ کار بم دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی جبکہ آگ کے شعلے آسمان کو چھو رہے تھے۔ کار بم دھماکے کے وقت افغان ٹی وی چینل طلوع (TOLO) کے میڈیا ورکرز کو لے جانے والی منی بس قریب سے گزر رہی تھی کہ بمبار نے دھماکہ کر دیا، نجی ٹی وی چینل کے اسٹاف کے کچھ ارکان بس کے اندر ہی چل بسے۔ ٹی وی چینل کے ایک کارکن نے بتایا کہ اس بس پر زیادہ تر میڈیا ورکرز تھے کیمرے کے پیچھے کام کرتے ہیں چینل کے ایک ملازم نے بتایا کہ ہماری گاڑی اسٹاف کو لے کر جا رہی تھی کہ اس پر حملہ کر دیا گیا۔ گاڑی میں چینل کے گرافکس اور ڈبنگ ڈپارٹمنٹ کے اہلکار موجود تھے۔