مشین ٹول فیکٹری کے ریٹائرڈ ملازمین تا حال واجبات سے محروم

January 21, 2016 12:17 pm0 commentsViews: 17

وزیراعظم ہمارے مطالبات منظور کر کے ہمیں فاقہ کشی اور خودسوزی سے بچائیں، آصف حسین و دیگر کی پریس کانفرنس
کراچی( نیوز ڈیسک) پاکستان مشین فیکٹری لانڈھی کراچی اسٹیٹ انجینئرنگ کارپوریشن آف انڈسٹری اینڈ پروڈکشن حکومت کے ریٹائرڈ ملازمین اور انتقال کر جانے والے ملازمین کی بیوائوں اور بچوں کی وزیر اعظم نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے دردمندانہ اپیل ہے کہ ہمارے واجبات جلد ادا کرنے کا حکم صادر کیا جائے اور ہمیں فاقہ کشی اور خود سوزی جیسے عمل سے بچایا جائے۔ یہ اپیل ریٹائرڈ ایمپلائز ایکشن کمیٹی پاکستان مشین ٹول فیکٹری سید آصف حسن نے محمد حمزا، ساجد بادشاہ اور سید نثاراحمد اور دائود خان کے ہمراہ بدھ کو کراچی پریس کلب پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین اور انتقال کر جانے والے ملازمین کی بیوائوں جن کی تعداد500 سے زائد ہے گزشتہ پانچ سال کے عرصے سے اپنے قانونی واجبات سے محروم ہیں قانون کے تحت سرکاری محکموں سے جو ملازم بھی اپنی مدت ملازمت پوری کرکے ریٹائرڈ ہوتا ہے تو اس کی زندگی بھر کی جمع پونجی بڑھا پے کا سہارا بنتی ہے۔ ہم مظلوموں کو تو اس حق سے بھی محروم کر دیا گیا ہے۔ ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو چکے ہیں ہم دو وقت کی روٹی کیلئے بھیک مانگنے پر مجبور ہیں۔