پیپلز پارٹی کو قابضین سے آزاد کرائیں گے، صفدر عباسی

January 21, 2016 12:23 pm0 commentsViews: 93

24 جنوری کو کراچی سے ورکرز کنونشن کے ذریعے جدوجہد کا آغاز کررہے ہیں
بلاول بھٹو پارٹی کو اضلاع تک محدود کرنے والوں کا احتساب کریں، پیپلزپارٹی ورکرز
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی ورکرزکے صدر صفدر عباسی نے کہا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو کی پارٹی کو قابضین سے آزاد کرانے کے لیے 24 جنوری کو کراچی سے ورکرز کنونشن کے ذریعے باقاعدہ جدوجہد کا آغاز کرینگے، بلا ول بھٹو زرداری پارٹی کو اضلاع تک محدود کرنے والوں کا احتساب کریں تو نظریاتی کارکن پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کو تیار ہیں، محترمہ کی شہادت سے سیاسی خلاء اور قومی قیادت کا فقدان پیدا ہواہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر ظفر رضوی ، رحمان آفریدی اور رخسانہ لطیف ایڈووکیٹ و دیگر موجود تھے۔ صفدر عباسی نے کہا کہ سول ملٹری تعلقا ت میں بڑھتا ہوا تنائو مسائل میں اضافے کا سبب بن رہا ہے، پاکستان کی سیاسی قیادت صوبوں ،اضلاع اور تحصیل تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، اس نازک موڑ میں مجموعی قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ قیادت کے فقدان کے باعث گڈ گورننس کا بحران پیدا ہوا ہے ۔ پیپلز پارٹی ورکرز نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم نظریاتی پروگرام کو آگے لے کر چلیں گے جس کے لئے صوبائی ڈویژنل ضلع اور تحصیل کی سطح پر رابطہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ ہم بھٹو کے نظریاتی کارکنوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کریں گے اور پارٹی کے نظریات کو چاہتے ہوئے مخصوص لوگوں سے پارٹی کو آزاد کرائیں گے اور اس حوالے سے جدوجہد کا آغاز24 جنوری کو کراچی کے مقامی ہال میں ورکرز کنونشن سے کریں گے۔