گلستان جوہر میں بینک ڈکیتی،6ڈاکو لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

January 21, 2016 12:54 pm0 commentsViews: 47

جوہر کمپلیکس کے قریب جے ایس بینک میں ڈاکوئوں نے سیکورٹی گارڈ اور بینک عملے کو یرغمال بنایا،3لاکھ سے زائد کی رقم چھین لی
ڈاکو سیکورٹی گارڈ کا اسلحہ، بینک عملے کی قیمتی اشیاء اور خفیہ کیمرے کا سسٹم لے گئے، ایس ایچ او ،کیمروں کی ریکارڈنگ محفوظ ہے، سیکورٹی گارڈ شامل تفتیش
کراچی(کرائم رپورٹر)گلستان جوہر میں سال کی دوسری بینک ڈکیتی موٹر سائیکل سوار ملزمان نجی بینک سے3لاکھ روپے سے زائد رقوم لوٹ کر فرار ہوگئے ،ملزمان فرار ہوتے ہوئے سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ بھی چھین کر اپنے ساتھ لے گئے ، پولیس نے شک کی بنیاد پر سیکیورٹی گارڈز کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی۔تفصیلات کے مطابق سال 2016کی دوسری بینک ڈکیتی گلستان جوہر کے علاقے بلاک 7 جوہر کمپلیکس مین یونیورسٹی روڈ پر قائم جے ایس بینک میں ہوئی ، 7 مسلح ملزمان بدھ کی صبح دس بج کر 42 منٹ میں بینک میں داخل ہوئے اور بینک کی سیکورٹی پر تعینات غازی سیکورٹی کمپنی کے گارڈ غلام الدین اور رضوان سے اسلحہ چھین کر بینک کے سیکورٹی گارڈ کو قابو کرکے بینک میں داخل ہوئے،ملزمان نے فوری طور پر کیش کائونٹر سے 3لاکھ74 ہزار چارسو 46 روپے ،بینک عملے کے دو موبائل فون اور بینک کی سیکورٹی پر مامور سیکورٹی گارڈ کا اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے ، پولیس اطلاع ملتے ہی ایس پی گلشن ڈاکٹر فہد، ایس ایچ او جاوید جلبانی ،فنگر پرنٹ ڈیپارٹمنٹ ،کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا ،پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کی اس دوران پولیس نے بینک منیجرسید فصیح الحسن ودیگر عملے کے بیانات قلمبند کئے ،اس ضمن میں ایس ایچ او جاوید جلبانی نے بتایاکہ بینک عملے کے مطابق7ملزمان10 بج کر 42 منٹ پر بینک میں داخل ہوئے اور 10 منٹ کے دوران واردات کرکے فرارہوگئے ،ملزمان جاتے وقت سیکورٹی گارڈ کا اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے ،پولیس کاکہنا ہے کہ ملزمان موٹرسائیکلوں پر تھے انکا ایک ساتھی باہر کھڑا ہوا تھا جبکہ چھ ملزمان بینک میں داخل ہوئے ،ملزمان فرار ہوتے ہوئے سی سی ٹی کیمرے کے فوٹیج ساتھ لے کر نہیں گئے ، سی سی ٹی وی فوٹیج کی وی مدد سے ملزمان کو تلاش کیا جارہاہے ، پولیس نے بینک کی سیکورٹی پر تعینات غازی سیکورٹی کمپنی کے گارڈ غلام الدین اور رضوان کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے ، سال کی پہلی بینک ڈکیتی 8 جنوری کو عوامی کالونی کے علاقے واقع الائیڈ بینک میں ہوئی تھی جس میں موٹر سائیکل سوار ملزمان 13 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے تھے ۔