کراچی میں،ایئرپورٹ طرز کے حملوں کا منصوبہ ناکام

January 22, 2016 3:56 pm0 commentsViews: 21

پولیس نے اتحاد ٹائون سے 11دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جو اہم سرکاری عمارتوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے، گرفتار ملزمان کے سنسنی خیز انکشافات
سی ٹی ڈی پولیس نے انٹیلی جنس اطلاعات پر دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھاجن کا تعلق القاعدہ سے ہے، ایک دہشت گرد لشکرجھنگوی کا اہم کمانڈر ہے، کراچی کی اہم حساس اور سرکاری عمارتوں پر حملوں کا منصوبہ بنایا گیاتھا
دہشت گردوں کے قبضے سے راکٹ، دستی بم، بوتل بم، ڈیٹونیٹر، سرجیکل ماسک،پارسل بم، ایک لانچر، کلاشنکوف، آوان بم ، تین موٹرسائیکلیں، سینکڑوں گولیاں، جہادی لٹریچر اور پمفلٹ برآمد ہوئے
پولیس کو دہشت گردوں کے قبضے سے ایک ہٹ لسٹ بھی ملی ہے جس میں سی ٹی ڈی افسران ، ایس ایس پی لیاری ، ایس ایس پی ملیر، ایس ایس پی ویسٹ، ڈی آئی سی ٹی ڈی اور ان کے دفاتر پر حملوںکی منصوبہ بندی شامل ہے
کراچی( کرائم رپورٹر) کراچی پولیس نے شہر میں اہم حساس اور سرکاری عمارتوں پر ‘ایئر پورٹ طرز کے حملوں کا منصوبہ ناکام بنا کر کالعدم تنظیموں کے 11دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا‘ دہشت گردکراچی میں بڑی تباہی پھیلانا چاہتے تھے۔ تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے انچارج ایس ایس پی علی رضا نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے 2روز قبل اتحاد ٹاؤن کے علاقے محمد خان کالونی سے مبینہ مقابلے کے بعد گرفتار ہو نے والے 11دہشت گردوں کی مکمل تفصیلات ظاہر کرتے ہوئے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ گرفتار دہشت گرد ائیرپورٹ طرز پر شہر میں واقع حساس اور سرکاری عمارتوں پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ، گرفتار دہشت گردوں میں سے محمد ارشاد عرف زاہد،قاری محمد محسن کا تعلق بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے ہے جبکہ ایک دہشت گرد قاری محمد اکرم کالعدم لشکر جھنگوی کا اہم کمانڈر ہے جبکہ گرفتار دیگر 8دہشت گرد وں میں مولانا عبدالوہاب،سید محمد ریاض انور،محسن خان ،انس احمد عرف انسی ،محمد ہنزلہ اشرف،عبدالوکیل ،راغب،اویس عرف کاشی شامل ہیں ،انچارج سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا کہ گرفتار دہشت گرد محسن شہر میں ٹارگٹ کلنگ ٹیموں کا انچارج تھا جبکہ ارشاد اور اکرم دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں کے ساتھ ٹارگٹ کلنگ کی نگرانی اور سرپرستی کرتے تھے ،سی ٹی ڈی انچارج نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گرفتار دہشت گرد2سال سے شہر میں ٹارگٹ کلنگ و دہشت گردی میں مصروف تھے اور دسمبر 2015ء میں روپوش ہو گئے تھے ، دہشت گردوں کے قبضے سے ایک ہٹ لسٹ بھی ملی ہے جس میں سی ٹی ڈی کے افسران اور دفاتر ،ایس ایس پی لیاری،ایس ایس پی ملیر ،ایس ایس پی ویسٹ ،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ان کے دفاتر پر حملے کی منصوبہ بندی شامل ہے ،سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہو نے والے اسلحے کی تفصیلات بتاتے ہو ئے کہا کہ برآمد کیے گئے اسلحے میں 10 بوتل بم تیار،5راکٹ ،10دستی بم،6ریڈ سگنل راکٹ ،2 دیسی ساختہ بم ،20فٹ ڈیٹونیٹر وائر ،سرجیکل ماسک ،فرسٹ ایڈ کٹ ،ہیلمٹ ،2پارسل بم ،ایک لانچر ،رکشہ ،2 کلاشنکوف ،4آوان بم ،10 پستول ،5کٹ بیگ،3موٹر سائیکل اور سینکڑوں گولیوں کے ساتھ لڑیچر اور پمفلٹ شامل ہیں ۔ گرفتار ملزمان نے تفتیش کے دوران سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں‘ ملزمان کی نشاندہی پر شہر میں موجود ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے بھی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔