سعودی عرب کی سر زمین سے تقدس کا رشتہ ہے، وزیراعلیٰ سندھ

January 22, 2016 4:45 pm0 commentsViews: 16

شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دور میں سعودی خارجہ پالیسی مستحکم ہوگئی ہے
وزیراعلیٰ سندھ کا سعودی قونصل جنرل صالح الارحیل سے ملاقات میں اظہار خیال
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے جمعرات کو سعودی قونصل جنرل فالح الارحیل سے سعودی قونصلیٹ میں ملاقات کی اور ان سے مختلف باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سعودی قونصل جنرل کو سعودی عرب کے کنگ شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی بادشاہت کا ایک سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اس موقع پر کہا کہ پاک سعودی تعلقات مثالی ہیں اور پاکستان سمیت مسلم دنیا کا سعودی عرب کی سر زمین سے محبت اور تقدس کا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیزالسعود کے دور میں سعودی عرب نے اپنی خارجہ پالیسی نہ صرف مستحکم کی ہے، بلکہ مسلم ممالک کی ترقی میں بھی بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی یوسف مستوئی اوروزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو بھی موجود تھے۔