تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کا بلدیاتی انتخابی اتحاد ختم

January 22, 2016 5:06 pm0 commentsViews: 20

اچھے نتائج دینے کی بجائے دونوں پارٹیوں کو بلدیاتی الیکشن میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا
کراچی( نیوز ڈیسک) تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے درمیان بلدیاتی انتخابات کے موقع پر بننے والا اتحاد ختم ہوگیا‘ دونوں جماعتیں کسی سیاسی ایشوز پر تو ایک دوسرے کی حمایت کرسکتی ہیں لیکن باقاعدہ اتحاد ختم ہوچکا ہے‘ اسی وجہ سے دونوں جماعتوں کے رہنمائوں کے درمیان جاری روابط بھی ختم ہوگئے ہیں‘ تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق پارٹی کارکنوں کی مخالفت کے باوجود بلدیاتی انتخابات کے موقع پر یہ اتحاد قائم کیا گیا تھا تاہم انتخابات میں شکست کے بعد دونوں جماعتوں میں اتحاد ختم ہوگیا تھا‘ تحریک انصاف سندھ کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر عارف علوی اور کراچی کے آرگنائزر علی زیدی کے مشورے پر مرکزی قیادت نے جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد کی اجازت دی تھی‘ دونوں رہنمائوں کا کہنا تھا کہ وہ جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد کے بعد اچھے نتائج دیں گے تاہم بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تو اس کے بعد ہی سے پارٹی کارکنوں اور عہدیداران کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی اور علی زیدی کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کا مطالبہ شروع ہوگیا تھا۔