عمران فاروق قتل کیس کا مقدمہ اڈیالہ جیل میں چلانے کی ہدایت

January 23, 2016 1:58 pm0 commentsViews: 21

نوٹیفکیشن جاری، ڈی سی اسلام آباد اور ڈائریکٹر ایف آئی اے معاملے سے بے خبر رہے
اسلام آباد( نیوز ڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ہدایت کے بعد چیف الیکشن کمشنر اسلام آباد نے عمران فاروق قتل کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جبکہ ڈی سی اسلام آباد اور ڈائریکٹر ایف آئی اے بھی پیشرفت سے بے خبر نکلے۔ جمعے کو وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے ملزم خالد شمیم کی میڈیا سے گفتگو کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس گارڈ کے انچارج کو معطل کیا تھا اور چیف کمشنر کو ہدایت کی تھی کہ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل کے اندر کی جائے جس کے بعد چیف کمشنر نے فوری طور پر کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ذرائع کے مطابق ہدایت پر عملدر آمد میں اس قدر تیزی برتی گئی کہ کیس کی تفتیش کرنیوالے ادارے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر اور ڈی سی اسلام آباد بھی بے خبر تھے اور ان کو نوٹیفکیشن کے اجراء سے علم ہوا کہ مقدمے کی کارروائی جیل منتقل کر دی گئی ہے کیس کی کارروائی جیل منتقل کرنے کی وجہ سیکورٹی مسائل نہیں بلکہ رازداری کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے تا کہ کیس کو میڈیا سرکس نہ بنایا جا سکے۔