فیصلہ کنT-20، گرین شرٹس مکمل فلاپ، رسوائیوں کی نئی داستان رقم کردی

January 23, 2016 1:55 pm0 commentsViews: 34

96 رنز سے پہلی بار عبرت ناک شکست کا سامنا، آفریدی ناکام، کپتانوں میں دوسرے نمبر پر آگئے
کیویز سے سیریز گنوانے کے ساتھ کئی ناپسندیدہ ریکارڈ بھی نام کرلیے
واشنگٹن( اسپورٹس ڈیسک) گرین شرٹس نے رسوائیوں کی نئی داستان رقم کر دی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست کا سامناکرنا پڑا، ٹیم کے خلاف تیسرا بڑا ٹوٹل بھی بن گیا۔ شاہد آفریدی ناکام کپتانوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ سے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے سیریز گنوانے کے ساتھ کئی نا پسندیدہ ریکارڈ بھی اپنے نام کر لئے۔ مہمان ٹیم کو 96 رنز سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور رنز کے اعتبار سے گرین شرٹس کی یہ سب سے بڑی شکست ہے اس سے قبل2012ء میں کینگروز نے94 رنز سے فتح اپنے نام کی تھی۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے یہ سب سے بڑی فتح ہوئی ، کیویز نے2009میں آئر لینڈ کے خلاف83 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ نیوزی لینڈ کے5 وکٹ پر196 رنز کسی بھی ٹیم کا پاکستان کے مقابل تیسرا بڑا ٹوٹل ہے اس سے قبل گرین شرٹس کے خلاف سری لنکا نے211 جبکہ آسٹریلیا نے197 رنز کا مجموعہ پایا تھا۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ناکام کپتانوں کی فہرست میں شاہد آفریدی دوسرے نمبر پر آگئے۔ انہیں جمعے کو 18 ویں شکست کا سامنا کرنا پڑا، بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی 23 میچز ہار چکے ہیں۔