امریکہ میں برفانی طوفان، کروڑوں لوگ گھرو ں میں محصور، کار برف پر پھسلنے سے 3خواتین ہلاک

January 23, 2016 2:02 pm0 commentsViews: 23

واشنگٹن ،نیویارک، بالٹی مور سمیت دیگر شہروں میں سرکاری دفاتر ،اسکول، بند، پروازیں منسوخ، میٹروسروس 40سال بعد بند
برف باری سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تیار، لوگوں نے کھانے پینے کی اشیاء اسٹاک کرنے کیلئے مارکیٹوں کا رخ کرلیا
واشنگٹن( نیوز ایجنسیاں) امریکی محکمہ موسمیات نے واشنگٹن اور بالٹی مور میں بڑے برفانی طوفان کی وارننگ جاری کر دی، نیو یارک سمیت ساحلی شہروں میں30 انچ برف پڑنے کا امکان ہے۔ حکام نے برفانی طوفان کے خطرے کے پیش نظر5 ریاستوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی ہے۔ اور طوفان سے نمٹنے کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ برفانی طوفان سے قبل ضروری سامان کی خریداری کیلئے شہری دکانوں پر رخ کر رہے ہیں ۔ امریکی ایئر لائنز نے سیکڑوں پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ واشنگٹن میں سرکاری دفاتر اور اسکول بھی بند رہیں گے۔ حکام کے مطابق شمالی کیرولینا میں سڑک میں پھسلن کے باعث کار حادثے میں 2 خواتین بھی ہلاک ہوئیں۔ امریکہ کے محکمہ موسمیات نے خبر دار کیا ہے کہ ملک کے مشرقی علاقوں میں شدید برفباری سے کروڑوں افراد کی زندگی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ میٹرو سروس کو40 سال بعد بند کیا گیا ہے۔ لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔