آج صبح پورٹ قاسم پر ٹریلر اور کار میں تصادم، 2 افراد ہلاک ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

January 23, 2016 2:34 pm0 commentsViews: 24

کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) آج صبح پورٹ قاسم میں ٹریفک حادثے میں2 افراد ہلاک ہوئے تفصیلات کے مطابق آج صبح سویرے پورٹ قاسم میں2 گاڑیوں میں تصادم کے دوران2 افراد ہلاک ہوئے، حادثہ ٹریلر اور کار کے درمیان ٹکر سے پیش آیا۔

کورنگی، خاتون نے خودکشی کرلی، نالے میں ایک شخص گر کر ہلاک
متوفیہ22سالہ خاتون کی لاش پنکھے سے لٹکی ملی، والد کا بیان، شوہرفیکٹری میں ملازمت کرتا ہے
کراچی (کرائم رپورٹر)کورنگی چکرا گوٹھ میں ایک بچے کی ماں نے گھریلو پریشانی سے تنگ آکر گلے میں پھندا ڈال اپنی جان لے لی۔اورنگی ٹائون کے برساتی نالے میں گرکر ایک شخص جان گنوابیٹھا۔تفصیلات کے مطابق زمان ٹائون کے علاقے چکرا گوٹھ سندھی اسکول کے قریب رہائش پذیر 22 سالہ ہیرا زوجہ شاہ میر نے گھریلو پریشانی سے تنگ آکرازربندکی مدد سے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی، ایس ایچ او امین مری کے مطابق متوفیہ کی والدہ اپنی بیٹی سے ملنے اسکے گھر آئی تو گھر کا دروازہ اندر سے بند تھا کئی بار کھٹکھٹانے پر کوئی باہر نہیں آیا تو انہوں نے پڑوسی کے بچے کو گیٹ پھلانک کر اندر بھیجا تو انکی بیٹی کی کمرے میں پنکھے سے لاش لٹکی ہوئی تھی ،اطلاع پا کر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش اسپتال منتقل کی، وقوعہ کے وقت متوفیہ گھر میں اکیلی تھی،پولیس کے مطابق متوفیہ ایک بچے کی ماں تھی اور شوہر فیکٹری میں ملازمت کرتا ہے ۔علاوہ ازیں مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹائون فرید کالونی میں واقع برساتی نالے میں 40 سالہ شخص گر کر جاں بحق ہوگیا۔

عوامی کالونی کورنگی میں مزاحمت پر 3 افراد زخمی
کراچی (کرائم رپورٹر) کورنگی اور عوامی کالونی میں ڈاکو راج‘ ڈکیتی مزاحمت پر 3 شہری زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی کے علاقے کورنگی نمبر 5 میں ڈکیتی مزاحمت پر 45 سالہ عارف مسیح ولد رحمت مسیح زخمی ہوا۔ کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے کورنگی مہران ٹائون میں ڈکیتی مزاحمت پر 32 سالہ محمد ایوب ولد محمد بخش زخمی ہوا۔اسی تھانے کی حدوو مہران ٹائون سیکٹر 6 میں مسلح ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر شہری 22 سالہ مقصود ولد احمد یارکو زخمی کردیا،پولیس کے مطابق گشت پرموجود اہلکاروں نے ملزمان کا تعاقب کیا تو ملزمان اسلحہ اور موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

باتھ روم میں پراسرار دھماکہ ،فاسٹ فوڈ کا مالک ہلاک
گلشن اقبال بلاک 13Dمیں باتھ روم میں رکھے ہوئے پیٹرول بھرے کین میں گیس بھر گئی ماچس جلانے پر دھماکہ ہوا
60سالہ نظام الدین جھلس کر دم توڑ گیا، دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس ،بارودی مواد کے شواہد نہیں ملے، بم ڈسپوزل
کراچی( کرائم رپورٹر) گلشن اقبال کے علاقے بلاک 13-D/1 میں واقع روفی ہیون کے بلاک بی کی پہلی منزل پر واقع فلیٹ نمبر بی 10 کے باتھ روم میں ہونیوالے پر اسرار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں گھر کا سربراہ 60 سالہ نظام الدین شیخ جھلس کر جاں بحق ہوگیا جبکہ دھماکے سے خوف و ہراس پھیل گیا‘ فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ رک آگ پر قابو پاتے ہوئے فلیٹ کو مکمل طور پر جلنے سے بچالیا‘ دھماکے کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا اس حوالے سے ایس ایچ او گلشن اقبال فاروق سنجرانی نے بتایا کہ باتھ روم میں پیٹرول سے بھرا ہوا کین رکھا ہوا تھا بم ڈسپوزل اسکواڈ نے معائنے کے بعد دھماکے کو پیٹرول کین سے نکلنے والی گیس قرار دیتے ہوئے کہا کہ باتھ روم میں گیس جمع تھی اور وہاں پر ماچس جلانے پر دھماکہ ہوا جس کے بعد آگ بھڑک گئی اور وہاں پر موجود شخص جھلس گیا‘ بی ڈی ایس کی جانب سے دھماکے میں بارودی مواد کے شواہد نہیں ملے ہیں جبکہ جاں بحق ہونیوالے والا نظام الدین شیخ3بیٹوں کا باپ اور ڈیفنس میں واقع فاسٹ فوڈ سینٹر کا مالک تھا جبکہ ان کے بیٹے بھی اس کاروبار سے منسلک ہیں‘ فاروق سنجرانی نے مزید بتایا کہ پیٹرول کا کین باتھ روم میں رکھے جانے کے حوالے سے گھر میں المناک واقعہ کی وجہ سے پولیس بھی محتاط اندازہ میں واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

کورنگی میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ہلاک
مقتول عوامی کالونی تھانے میں کورٹ محرر تعینات تھا، پہلے بھی حملہ ہوا تھا جس میں محفوظ رہا تھا
کراچی( کرائم رپورٹر) عوامی کالونی تھانے کی حدود کورنگی سیکٹر ساڑھے تین میں واقع پی ایس او پیٹرول پمپ کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار32 سالہ امجد ولد نواب جاں بحق ہوگیا‘ پولیس کے مطابق مقتول عوامی کالونی تھانے میں کورٹ محرر تعینات تھا‘ جبکہ مقتول کورنگی ڈیڑھ نمبر کا رہائشی تھا جو واقعے کے وقت تھانے سے ڈیوٹی ختم کرکے گھر کی جانب جارہا تھا اس دوران موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے فائر کئے جس کے نتیجے میں ایک گولی اس کے سرپر لگی اور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا‘ پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا‘ پولیس نے بتایا کہ پولیس اہلکار امجد پر اس سے قبل بھی حملہ ہوا تھا جس میں امجد محفوظ رہا تھا۔