شیر شاہ میں قتل ہونیوالا شہری گینگ وار کارندہ نکلا

January 23, 2016 2:36 pm0 commentsViews: 39

عبدالرحمن نے کلاکوٹ کی رہائشی لڑکی سے شادی کرلی تھی، لڑکی کے اہلخانہ رضامند نہیں تھے
مقتول اہلیہ کے ہمراہ لیاری میں ایک رشتہ دار کے گھر دعوت میں گیا تھاجہاں سے اغواء کرلیا گیا
کراچی( کرائم رپورٹر) شیر شاہ میں قتل ہونیوالے شہری کی شناخت ہوگئی‘تفصیلات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب شیر شاہ کے علاقے پنکھا ہوٹل کے قریب فائرنگ سے قتل ہونیوالے شہری کی شناخت عبدالرحمن ولد داد رحمن کے نام سے ہوگئی جو ملیر کا رہائشی تھا‘ ایس ایچ او غلام رسول راجپر نے بتایا پولیس نے واقعے کے بعد تفتیش شروع کی تو معلوم ہوا کہ مقتول عبدالرحمن نے ایک سال قبل لیاری کے علاقے کلا کوٹ کی رہائشی لڑکی سے بھاگ کر شادی کرلی تھی‘ لڑکی کے اہل خانہ عبدالرحمن سے شادی کرنے میں رضامند نہیں تھے‘ اہل خانہ کا کہنا تھا کہ عبدالرحمن لیاری گینگ وار کارندہ ہے‘ جرائم پیشہ ہے لیکن لڑکی نے عبدالرحمن سے بھاگ کر شادی کرلی‘ انہوں نے بتایا کہ لڑکی کے رشتے دار بھی لیاری گینگ وار میں سرگرم ہیں‘ عبدالرحمن کو شادی کے بعد سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔ ایس ایچ او کے مطابق مقتول جمعرات کی شب اہلیہ کے ساتھ لیاری کلا کوٹ ایک رشتہ دار کے گھر دعوت میں گیا تھا جہاں گینگ وار کے کارندوں نے دھوکے سے اغواء کرلیا‘ نامعلوم مقام پر لے کر جا تشدد کا نشانہ بنایا‘ پولیس کے مطابق پولیس کو شبہ ہے کہ مقتول کو ملزمان نے شیر شاہ میں لا کر فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔