باچاخان یونیورسٹی پر حملے کا مقصد طالب علموں کوتعلیم سے روکنا تھا، گورنر سندھ

January 23, 2016 2:42 pm0 commentsViews: 26

طالب علموں نے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا، لاہور کے اسکول کے 40 رکنی وفد سے بات چیت
کراچی(سٹی رپورٹر)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ طالب علم کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں کیونکہ ملک کی تعمیر و ترقی کا دارو مدار ان کی صلاحیتوں کے موثر استعمال پر ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاھور کونوینٹ اسکول کے 40 رکنی وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ طالب علموں اور خصوصاً طالبات کو ان کی سوچ اور دلچسپی کے شعبوں میں تعلیم دینے سے انکی صلاحیتوں کو مؤثرطریقہ سے استعمال کیا جاسکتا ہے اور وہ ملک و قوم کی زیادہ بہتر انداز میں خدمت کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول پشاور اور باچا خانہ یونیورسٹی چارسدہ پردہشت گردوں کی جانب سے طالب علموں کو نشانہ بنائے جانے کا مقصد انہیں تعلیم حاصل کرنے سے روکنا تھا لیکن طالب علموں نے دونوں واقعات کے بعد بے مثال جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا اور اس بات کو ثابت کردیا کہ ملک و قوم کا ہر فرد دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے ۔