کھارادر میں پی پی رہنما جاوید ناگوری کی گاڑی پر فائرنگ

January 25, 2016 2:34 pm0 commentsViews: 53

موٹر سائیکل سوار ملزمان فائرنگ کے بعد فرار، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، نشانہ جاوید ناگوری نہیں تھے، پولیس
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کھارادر میں لیاری سے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر جاوید ناگوری پر فائرنگ ہوئی تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ذرائع کے مطابق جاوید ناگوری کا کہنا ہے کہ کراچی میں لیاری سے متصل علاقے کھارادر میں نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی ہے تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں۔ وہ اس حملے کا باقاعدہ مقدمہ درج کرائیں گے۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ کھارادر میں موٹرسائیکل سوار ملزمان ڈکیتی کی کوشش کررہے تھے کہ علاقے میں سیکیورٹی دیکھ کر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے تاہم ان کا نشانہ جاوید ناگوری نہیں تھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی جاوید ناگوری پر حملہ ہوچکا ہے جس میں ان کے بھائی اکبر ناگوری جاں بحق ہوگئے تھے۔