نیو کراچی سے گرفتار ہونے والے 5 نوجوان ایک ماہ سے لاپتہ

January 25, 2016 2:42 pm0 commentsViews: 17

مختلف مقدمات سے گرفتار کیے جانے والوں کی تاحال گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی
پریشان اہل خانہ کا پر اسرار گرفتاریوں کا نوٹس لیکر فوری بازیابی کا مطالبہ
کراچی( کرائم رپورٹر) نیو کراچی کے مکینوں نے اعلیٰ حکام سے ایک ماہ قبل لا پتہ ہونے والے5 نوجوانوں کی فوری بازیابی کیلئے مطالبہ کیا ہے تفصیلات کے مطابق نیو کراچی سے تعلق رکھنے والے 5 نوجوان گزشتہ ایک ماہ سے لا پتہ ہیں نوجوانوں کے اہل خانہ کے مطابق انہیں پولیس اہلکاروں نے حراست میں لے لیا ہے مگر ایک ماہ سے زیادہ گزر جانے کے باوجود نہیں بتایا جا رہا ہے کہ ان کے پیارے کہاں ہے اور انہیں کس جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے نوجوانوں کو گرفتار کرنے سے انکار کر دیا ہے جبکہ اب تک کسی بھی سرکاری ادارے کی جانب سے نوجوانوں کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ غلام غوث ولد جمیل احمد محکمہ صحت میں ملازم ہے جسے29 دسمبر2015ء کو دوپہر 2بجے سرجانی ٹائون کے علاقے سے نوجوان محمد سلمان ولد محمد رئیس کے ہمراہ حراست میں لے لیا تھا۔ محمد اجمل ولد محمد اقبال کو22 دسمبر گھر میں چھاپہ مار کر گرفتار کیا تھا مگر پولیس تاحال ان کی گرفتاری سے انکاری ہے، مصدقہ اطلاعات کے مطابق نیو کراچی سیکٹر5-G کے علاقے سے مزید2 نوجوانوں برہان اللہ ولد سمیع اللہ اور مہتاب بھی تاحال لاپتہ ہیں۔ نوجوانوں کے اہلخانہ پریشانی سے دو چار ہیں نوجوانوں کے اہلخانہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ5 نوجوانوں کی پراسرار گرفتاری کا نوٹس لے کر انہیں فوری بازیاب کرایا جائے اور اگر ان کے پیارے کسی بھی قسم کے جرم میں ملوث ہیں تو ان کی گرفتاری ظاہر کرکے انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔