نیوکراچی،پولیس کی سرپرستی میں منشیات فروخت کرنیوالا ملزم گرفتار ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

January 25, 2016 2:46 pm0 commentsViews: 28

ملزم صابرکے قبضے سے ایک کلو منشیات برآمد2الگ الگ مقدمات درج،چاکیواڑہ سے 2منشیات فروش پکڑے گئے
کراچی( کرائم رپورٹر) نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مخبر خاص کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش محمد صابر ولد محمد یوسف کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او انسپکٹر طارق رحیم نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور ایک کلو منشیات بر آمد ہوئی ہے۔ ملزم کے خلاف دو الگ الگ مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ ملزم علاقے میں منشیات فروش تھا اور اس نے درجن سے زائد بھتہ خور ی کا بھی انکشاف کیا ہے۔ پولیس ملزم سے تفتیش کر رہی ہے جبکہ پولیس کے با خبر ذرائع نے بتایا کہ ملزم صابر منشیات فروخت کر رہا تھا تاہم ملزم کو تھانے بلا کر پولیس نے دھوکے سے بند کر دیا، ادھر چاکیواڑہ کے علاقے آدم ٹی کے قریب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 منشیات فروش بابو کچھی اور طارق بلوچ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں ملزمان آگرہ تاج کے رہائشی ہیں اور وہاں پر منشیات فروشی کا کام کرتے ہیں۔

35 تولہ سونا چوری کرنیوالا پکڑا گیا
کراچی( کرائم رپورٹر) پولیس نے35 تولہ سونا چوری کرنے والے رفیق بنگالی کو گرفتار کرلیا‘ تفصیلا ت کے مطابق پاکستان بازار پولیس نے اورنگی ٹائون سیکٹر11 میں چھاپہ مار کارورائی کے بعد ایک ملزم رفیق بنگالی کو گرفتار کرلیا‘ ملزم نے2ماہ قبل صدر کے صرافہ بازار سے35 کلو سونا چوری کیا ملزم اس سے قبل ملتان میں بھی سونا چوری کی واردات کرچکا ہے‘ پولیس نے ملزم سے اس کے ساتھیوں اور سونے کے بارے میں تفتیش شروع کردی۔

پولیس اور رینجرز نے ٹارگٹ کلر سمیت15 ملزمان کو گرفتار کر لیا
ماڑی پور سے گرفتار دونوں ملزمان کا تعلق تحریک طالبان سے ہے، گینگ وار کارندہ بھی پکڑا گیا
محمود آباد سے مشکوک شخص گرفتار، الفلاح اور گارڈن میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے
کالا پل پر مقابلے کے بعد تین ڈاکوئوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز سمیت پندرہ ملزموں کو گرفتار کر لیا، فائرنگ کے واقعات میں دو افراد زخمی ہو گئے۔رینجرز نے ماڑی پور میں کارروائی کے دوران ملزم نعمت اللہ اور شمریز کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق دونوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے۔ ماڑی پور سے لیاری گینگ وار کے کارندے فواد کو بھی گرفتار کیا گیا، اتحاد ٹاؤن میں پولیس نے گینگ وار کے تین کارندے گرفتار کر لئے۔رینجرز نے لائنز ایریا، ناصر کالونی اور ملیر سے چار ملزم اسلحہ سمیت گرفتار کر لئے۔ پولیس نے کالاپل پر مقابلے میں تین ڈاکوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ محمود آباد میں ایک مشکوک شخص کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ اجمیر نگری پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ادھرالفلاح اور گارڈن کے علاقوں میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو افراد زخمی ہو گئے۔

بلدیہ ٹائون سے لیاری گینگ وار کے3 کارندے گرفتار
محمود آباد پولیس نے وزیرستان سے تعلق رکھنے والا ملزم پکڑ لیا، شاہ فیصل سے تین ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)محمودآباد میں پولیس نے کارروائی کر کے وزیر ستان سے تعلق رکھنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے دہشتگردی کی وارداتوں کے بارے میں تفتیش کی جارہی ہے۔ شاہ فیصل کالونی میں پولیس نے کارروائی کر کے مشتبہ افراد اور ملزموں سمیت10افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان جرائم کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں۔ بلدیہ ٹائون میں پولیس نے کارروائی کر کے لیاری گینگ وار کے تین کارندے گرفتار کر لئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان شکیل عرف کھمبو، غلام مصطفی اور طارق قتل، بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ڈیفنس میں پولیس مقابلے کے دوران تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے۔