سولجر بازار،خاتون اور نوجوان کی لاشیں ملیں ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

January 25, 2016 2:58 pm0 commentsViews: 22

مقتولہ کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا، بھتیجی کی مدعیت میں مقدمہ درج،پولیس نے تفتیش شروع کردی
17سالہ طارق کی3دن پرانی لاش مکان کے زیرزمین ٹینک سے ملی، ایس ایچ او
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سولجر بازار میں گلبہار سے خاتون اور نوجوان کی لاشیں ملیں۔ تفصیلات کے مطابق سولجر بازار کے علاقے میں مکان نمبر140 سے75 سالہ خاتون خورشید بیگم کی تشدد زدہ لاش ملی جسے پولیس نے قریبی اسپتال پہنچایا،ایس ایچ او ارشاد سومرو کا کہنا ہے کہ متوفی گھر میں کئی سال سے اکیلی رہائش پذیر تھی، گھر کا دروازہ کھلا دیکھ کر پڑوسیوں کے اندر جا کر دیکھا تو صحن میں لاش پڑی ہوئی تھی مقتولہ کے سر پر چوٹ کا نشان ہے۔ مقتولہ کی بھتیجی کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جائیداد کے تنازع پر قتل کیا گیا۔ ادھر رضویہ کے علاقے گلبہار نمبر ایک میں مکان نمبر647 کے زیر زمین ٹینک میں سے17 سالہ محمد طارق کی2 سے 3 دن پرانی لاش ملی۔ ایس ایچ او ایس بنگش کہنا ہے کہ متوفی کا ذہنی توازن درست نہیں تھا، وہ کئی کئی دن گھر نہیں آتا تھا اور 4 دن سے لا پتہ تھا۔

منظور کالونی میں صندوق سے
ملنے والی لاش کی شناخت نہ ہوسکی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) منظور کالونی میں صندوق سے ملنے والی لاش کی شناخت تاحال نہ ہوسکی‘ پولیس نے سرکاری مدعیت میں قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کرلیا ‘منظور کالونی میں ہفتے کو صندوق سے ملنے والی لاش کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی‘ ایس ایچ او ملک سلیم کے مطابق پولیس نے مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کرلیا۔

بلدیہ ٹائون میںمیں چلتی گاڑی سے شیر خوار کو پھینک دیا گیا‘ بچہ ہلاک
کراچی( کرائم رپورٹر) بلدیہ ٹائون نمبر 7 کے قریب نامعلوم شخص نے چلتی گاڑی سے شیرخوار پھینک کر فرار ہوگئے‘ واقعے میں بچہ جاں بحق ہوگیا‘ کوئی مقدمہ بھی درج نہیں کیا گیا‘مدینہ کالونی تھانے کی حدود بلدیہ ٹائون نمبر7 مین روڈ پر واقعے کے وقت بچہ سڑک پر گرتے ہی سر پھٹنے سے ہلاک ہوگیا‘ایس ایچ او مدینہ کالونی مولیٰ بخش نے بتایا کہ ہلاک بچے کو ایک گاڑی نے بھی کچلا تھا‘ انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونیوالا بچہ 2سے4دن کا ہے‘ بچہ کا کوئی وارث نہیں آیا‘ پولیس نے کارروائی کے بعد تدفین کیلئے چھیپا ویلفیئر کے سپرد کردیا۔

قائد آباد میں پیپلز پارٹی کے دو گروپوں میں تصادم،3 افراد زخمی
اسسٹنٹ کمشنر آفس میں مخصوص نشستوں کے فارم جمع کرانے کے دوران جھگڑے کے بعد ڈنڈے چل گئے
کراچی( کرائم رپورٹر) قائد آباد میں واقع اسسٹنٹ کمشنر آفس میں پیپلز پارٹی کے دو گروپوں میں فارم جمع کرانے پر تصادم کے نتیجے میں 3 افراد معمولی زخمی ہوگئے۔ قائد آباد کے علاقے وینس چورنگی کے قریب واقع اسسٹنٹ کمشنر آفس میں پیپلز پارٹی کے دو گروپوں میں جھگڑا ہوگیا۔ لاٹھی ڈنڈوں کے وار سے تین کارکن معمولی زخمی ہوگئے۔ اس ضمن میں ایس ایچ او محمد علی مروت کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان مخصوص نشستوں کا فارم جمع کروانے آئے تھے اس دوران ان کا جھگڑا ہوگیا۔ اور اس دوران تین افراد معمولی زخمی ہوئے تاہم صورتحال پر قابو پالیا گیا۔ تفتیش جاری ہے۔