کرپشن کیخلاف تحریک کا آغاز کراچی سے کرینگے، سراج الحق

January 25, 2016 2:52 pm0 commentsViews: 14

ملک میں کرپشن، بیروزگاری ،مہنگائی عروج پر ہے، امید ہے کراچی کے عوام تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرینگے
2018 ملک میں تبدیلی اور اسٹیٹس کو کے خاتمے کا سال ہوگا، عوام کو ملک لوٹنے والوں سے نجات مل جائیگی، کراچی میں خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اس وقت پورے ملک میں اسٹیٹس کو مسلط ہے۔ حکومت کی خارجی و داخلی پالیسی ناکام ہو چکی ہے، کرپشن عروج پر ہے۔ حکومت مہنگائی، بیروزگاری کے خاتمے، بلوچستان اور قبائلی علاقوں کے مسائل کے حل اور عوام کو معاشی انصاف کی فراہمی سمیت ہر سطح پر ناکام ہو چکی ہے۔ ہم نے کرپشن اور غربت کے خلاف مارچ میں ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا آغاز کراچی سے ہوگا امید ہے کہ کراچی کے عوام اس تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ 2018ء ملک میں تبدیلی اور اسٹیٹس کو کے خاتمے کا سال ہوگا۔ امریکہ کے یاروں اور ملک لوٹنے والوں سے عوام کو نجات ملے گی۔ حکمرانوں نے375 ارب ڈالر کی کرپشن کرکے سرمایہ بیرون ملک منتقل کر دیا ہے۔ معاشرے میں تبدیلی اور اصلاح ہمارا مشن اور وژن ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مسجد الہدیٰ نارتھ کراچی میں جماعت اسلامی ضلع وسطی کی ایک روزہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ سندھ حکومت دنیا کی واحد حکومت ہوگی جو مجرموں کو آزاد کرانے اور چھڑوانے کی کوشش کر رہی ہے جس کیلئے سندھ اسمبلی سے قانون منظور کرایا گیا ہے۔