پی پی کیخلاف جتنے بھی اتحاد بن جائیں ناکامی انکا مقدر ہے، مولانا بخش چانڈیو

January 25, 2016 2:54 pm0 commentsViews: 27

مخالفین کے تمام حربے ناکام ہوگئے اور انہیں منہ کی کھانی پڑی ہے، مشیر اطلاعات
سانگھڑ کے پی پی کے امیدواروں کی کامیابی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، جاری بیان
کراچی( اسٹاف رپورٹر) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے غیر سرکاری نتائج کے مطابق سانگھڑ کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے نمائندوں کی بھاری اکثریت سے کامیابی پر انہیں مبارک پیش کی ہے انہوں نے کہا کہ سانگھڑ کے عوام نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کر وا کر پارٹی قیادت کی پالیسیوں اور سندھ حکومت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات نے کہا کہ مخالفین کے تمام تر حربے ناکام ہوگئے اور انہیں منہ کی کھانی پڑی ہے۔ عوام کی مسترد اور لا وارث پارٹیاں پیپلز پارٹی کے خلاف جتنے بھی اتحاد بنا لیں ان کے مقدر میں ناکامی لکھی ہے کیونکہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس کی قیادت سے لے کر کارکنوں تک کی تاریخ لازوال قربانیوں سے بھری ہوئی ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد جمہوری اداروں کو مستحکم کرنا آمروں کا مقابلہ صرف پیپلز پارٹی نے ہی کیا ہے۔ آمریت کے سائے میں پلنے والے جتنا چاہیں الائنس بنا لیں عوام کبھی ان کی سپورٹ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سانگھڑ میں سالوں سے الیکشن جیتنے والوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا اب ہمارے عوامی نمائندے مثالی ترقیاتی کام کریں گے۔ نو منتخب پیپلز پارٹی کے نمائندے عوام کو درپیش مسائل کا سد باب ان کی دہلیز پر کریں گے۔