آگ لگنے سے بانس کے گودام اور تین کارخانے راکھ ہو گئے

January 25, 2016 3:18 pm0 commentsViews: 23

سپر ہائی وے پر سبزی منڈی کے قریب لگنے والی آگ پر تین گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا، ڈھائی کروڑ کا نقصان ہوا ہے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سبزی منڈی کے قریب آگ نے بانس کا گودام اور تین کارخانے پھونک ڈالے۔ ڈھائی کروڑ سے زائد کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔بارہ فائر ٹینڈر اور دو باؤزر نے تین گھنٹے بعد آگ پر قابو پایا۔کراچی میں سپر ہائی وے پرنیوسبزی منڈی کے قریب بانس کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کی شدت اتنی تیز تھی کہ اس نے قریب میں واقع تین کارخانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ سوکھے بانسوں کے باعث آگ تیزی سے پھیلتی چلی گئی ۔ابتدائی طور پر مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ پھر اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی2گاڑیاں پہنچیں مگر آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید فائر ٹینڈرز طلب کر لیے گئے۔بارہ فائرٹینڈرز اور2باؤزرز نے تقریبا تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پرقابو پالیا،آگ سے ہونے والے نقصان کاتخمینہ ڈھائی کروڑ روپے اور آگ لگنے کی وجہ گودام کے قریب جھگی میں ہونیوالی آتشزدگی بتائی جاتی ہے۔