کراچی میں، اتوار بازار اور پارک میں بم کی افواہیں، خوفزدہ خواتین اور بچوں کی چیخیں نکل گئیں

January 25, 2016 3:19 pm0 commentsViews: 65

نارتھ کراچی کے بی اماں پارک میں جھوٹی اطلاع پر وہاں موجود شہریوں میں خوف و ہراس، چیخ و پکار کرتے ہوئے باہر نکل گئے
نیو کراچی اتوار بازار کی دوسری اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری پہنچ گئی، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دونوں مقامات کو کلیئر قرار دیدیا
کراچی( کرائم رپورٹر) کراچی میں2 عوامی مقامات پر بم کی جھوٹی اطلاع نے خوف و ہراس پھیلادیا‘ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے نارتھ کراچی کے بی اماں پارک اور نیو کراچی کے اتوار بازار کو سرچنگ کے بعد کلیئر قرار دیدیا‘ تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام سرسید کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر11-C میں واقع معروف بی اماں پارک میں بم کی اطلاع پر اندر موجود شہریوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور خواتین و بچے چیخ وپکار کرتے ہوئے پارک سے باہر نکل آئے‘ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پارک کو گھیرے میں لے کر تمام افراد کو بحفاظت باہر نکالنے کے بعد ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا جس نے ایک گھنٹے تک مکمل تلاشی کے بعد پارک کو کلیئر قرار دیتے ہوئے اپنی رپورٹ پولیس کے حوالے کردی تاہم بی اماں پارک کی تلاشی کے بعد بی ڈی ایس کی ٹیم جیسے ہی روانہ ہونے لگی تو مدد گار 15 کے ذریعے اطلاع موصول ہوئی کہ نیو کراچی سیکٹر11-D کے اتوار بازار میں بھی بم موجود ہے جس پر بم ڈسپوزل اسکواڈ‘ پولیس اور رینجر زکی بھاری نفری فوری طور پر نیو کراچی پہنچ گئی اور اتوار بازار کو گھیرے میں لینے کے بعد اس کی تلاشی لی اور اطلاع کو جھوٹ قرار دیدیا۔