بیت اللہ میں مقام ابراہیم کے گرد نیا سنگ مرمر لگانے کا کام مکمل
سنگ مرمر کی تبدیلی کے بعد مقام ابراہیم کے قریب کھڑی کی گئی رکاوٹیںہٹا دی گئی ہیں
مکتہ المکرمہ (یو پی پی) مسجد حرام مسجد نبویؐ کے نگران ادارے نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے بیت اللہ میں مقام ابراہیم کے گرد نیا سنگ مرمر لگانے کا کام مکمل کرلیا ہے‘ اس سے قبل خانہ کعبہ سے متصل الشازوان اور حجر اسود کے سنگ مرمر بھی تبدیل کردیئے گئے تھے‘ العربیہ نے اخبار‘ مدینہ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مسجد حرام کے ڈپٹی سیکریٹری برائے سروسز مشہور بن محسن المنعمی نے ایک بیان میں بتایا کہ مقام ابراہیم کے سنگ مرمر کی تبدیلی کا مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے‘ پرانے سنگ مرمر ہٹانے کے بعد ان کی جگہ جدید اور نایا ب سنگ مرمر سے مقام ابراہیم کو سجادیا گیا ہے‘ سنگ مرمر کی تبدیلی کے بعد مقام ابراہیم کے قریب کھڑی کی گئی رکاوٹیں ہٹادی گئی ہیں جس کے بعد معتمرین اور زائرین سہولت کے ساتھ اس مقام کی زیارت کی شرف حاصل کرسکتے ہیں۔