سندھ کی صورتحال پر گرینڈ اپوزیشن کا اہم اجلاس طلب

January 25, 2016 3:24 pm0 commentsViews: 24

30 جنوری کو پیر پگارا کی رہائشگاہ پر ہونیوالے اجلاس میں اپوزیشن کے مرکزی رہنما شریک ہونگے
گرینڈ الائنس کا چارٹرمنظور کیا جائے گا، آئندہ حکمت عملی اور عوامی احتجاجی تحریک پر مشاورت ہوگی، ایاز پلیجو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف گرینڈالائنس میں شامل جماعتوں کا اہم اجلاس 30 جنوری کو مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر پیر صدر الدین شاہ راشدی کی کراچی میں رہائش گاہ پر ہوگا۔ اجلاس میں گرینڈ الائنس میں شامل جماعتوں کے مرکزی رہنما شریک ہوں گے۔ اجلاس کے حوالے سے عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے میڈیا کو بتایا کہ اس اجلاس میں گرینڈ الائنس کا چارٹر اور دیگر امور کو طے کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں صوبے کی سیاسی صورت حال، سندھ حکومت کی عوامی مسائل پر عدم دلچسپی، بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جانب سے کی جانے والی دھاندلی، امن وامان صورتحال، تھر میں غذائی قلت کے باعث بچوں کی اموات اور دیگر امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں گرینڈ الائنس کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی جبکہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف صوبے بھر میں عوامی احتجاجی تحریک شروع کرنے کے حوالے سے بھی مشاورت ہوگی اور اہم فیصلے کئے جائیں گے۔