آج صبح، پی آئی اے کے دفاتر بند 2فروری سے فلائٹ آپریشن بند کرنیکی دھمکی

January 26, 2016 1:49 pm0 commentsViews: 30

ادارے کی نجکاری کیخلاف پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج، کراچی میں ہیڈآفس پر مظاہرہ کیا گیا
ملازمین نے ہیڈ آفس سمیت تمام دفاتر پر تالے ڈال دیے، اندرون وبیرون ملک جانے والوں کو ٹکٹ کے حصول میں مشکلات کا سامنا، پروازوں کی روانگی میں تاخیر کے خدشات،انتظامیہ نے متبادل انتظامات کا فیصلہ کرلیا
پیپلزپارٹی نے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے ن لیگ کی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی تیاری شروع کردی، پی آئی اے ایکشن کمیٹی نے احتجاج موثر بنانے کے لیے دیگر تنظیموں سے بھی رابطہ شروع کردیے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) مانیٹرنگ ڈیسک) پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف جوائٹ ایکشن کمیٹی نے آج سے ملک میں بھر پور احتجاج شروع کر دیا ہے آج صبح کراچی سمیت ملک بھر میں پی آئی اے کے دفاتر بند کرکے تالے ڈال دئیے گئے ۔ بکنگ آفس سمیت دیگر دفاتر کی تالہ بندی کے باعث اندرون اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا، ملازمین کا کراچی میں ہیڈ آفس پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جا رہا ہے احتجاج کے باعث پروازوں میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے اور انتظامیہ نے متبادل انتظامات شروع کر دئیے ہیں کراچی سمیت ملک بھر میں پی آئی اے کے دفاتر بند ہیں جبکہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے2 فروری سے فلائٹ آپریشن بھی بند کرنے کی دھمکی دیدی ہے پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال اور احتجاج پر سیاسی جماعتوں نے بھی شدید رد عمل ظاہر کیا ہے ، پیپلز پارٹی نے سینیٹ میں پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق بل منظوری میں رخنہ ڈالنے اور اس پر سخت احتجاج کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری میں ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ قبل ازیں پی آئی اے کے ہیڈ آفس میں گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سہیل بلوچ اور دیگر نے پی آئی اے کے بکنگ سمیت تمام دفاتر آج سے بند کرنے کا اعلان کیا تھا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو 2فروری سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن بھی معطل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات کی منظورٍی کیلئے آج سے پی آئی اے ہیڈ آفس اور پاکستان بھر کے بکنگ آفس اور دفاتر فوری تک بند رکھیں جائیں گے اگر اس دوران بھی مطالبات پورے نہ ہوئے تو 2 فروری کی صبح سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن بھی معطل کر دیا جائے گا۔ سول ایوی ایشن، ریلوے، اسٹیل ملز، آئل ٹینکر سمیت دیگر اداروں کی محنت کش یونینز سے رابطے ہیں۔ سہیل بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر تمام یونینز ان کے ساتھ ہوں گی۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ ادارے کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی، اسمبلی سے پاس کیا گیا بل فوری واپس لیا جائے۔ ادھر سول ایوی ایشن نے پی آئی اے اور نجی ایئر لائن کی پروازوں میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے پی آئی اے اور دیگر ایئر لائنوں کو نوٹس جاری کر دئے، ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق ملک بھر میں پروازوں کی آمد و رفت میں ہونے والی تاخیر اور مسافروں کو درپیش مشکلات میں ہونے والے اضافے پر سول ایوی ایشن نے ایکشن لیا ہے۔ گزشتہ روز سول ایوی ایشن کی طرف سے پی آئی اے اور دیگر ایئر لائنز کو نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ایئر لائنز نے پروازوں کی ری شیڈولنگ کیوں نہیں کی۔ مسافروں کو سہولت فراہم کرنا ایئر لائن کی ذمہ داری ہے۔ واضح رہے کہ موسم کی خرابی کے باعث متعدد پروازیں تاخیر کا شکارہیں۔

پی آئی اے کے ملازمین کا احتجاج،نجی ایئر لائنز نے ٹکٹ مہنگے کردیے
نجی ایئر لائنز کی جانب سے اسلام آباد اور دیگر شہروں کے کرایوں میں 2000 سے 2500 روپے کا اضافہ، مسافروں کو مشکلات
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے ملازمین کے احتجاج کے اعلان کے ساتھ ہی ملکی ایئر لائنوں نے کراچی سے لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں کے کرایوں میں2000 سے 2500 روپے کا اضافہ کر دیا جبکہ پی آئی اے سے سفر کرنے والے مسافروں نے دوسری ایئر لائنوں کا رخ کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے سے اندرون ملک اور بیرون ملک کی پروازوں کی بکنگ کرانے والے مسافروں میں ملازمین کی جانب سے احتجاج کے اعلان سے بے چینی پھیل گئی ہے اور ان مسافروں نے پی آئی اے کی ہیلپ لائن پر رابطے کرنے شروع کر دئیے ہیں جبکہ متعدد مسافروں نے نئی بکنگ پی آئی اے کی پرواز سے کرانے کے بجائے نجی ایئر لائن کو ترجیح دینا شروع کر دی ہے۔