پاپوش نگر میں نیوی کے ملازم کا پراسرا ر قتل ۔ دیگر حادثات و واقعات میں مزید ہلاک و زخمی

January 26, 2016 1:58 pm0 commentsViews: 20

نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر گولیاں ماریں، اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا،پولیس تفتیش کررہی ہے
کراچی( کرائم رپورٹر) پاپوش نگر میں نیوی کا ملازم پر اسرار طور پر قتل کردیا گیا۔ ایک گولی سر میں لگی تفصیلات کے مطابق پاپوش نگر تھانے کی حدود چاندنی چوک کے قریب واقع اورنگ آباد میں مکان نمبر2432 میں رہائش پذیر 40 سالہ شخص محمد شیراز ولد محمد الیاس کو نا معلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا اور فرار ہوگئے۔ مضروب کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کی اگیا تاہم وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، ایس ایچ او پاپوش نگر ارشد جنجوعہ کے مطابق مقتول نیوی کا سویلین ملازم، شادی شدہ اور تین بچوں کا باپ ہے انہوں نے بتایا کہ وقوعہ کے وقت مقتول کی اہلیہ بازار اور بچے ٹیوشن پڑھنے گئے ہوئے تھے انہوں نے بتایا کہ مقتول کے سر میں ایک گولی لگی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ واقع پر اسرار ہے او رفوری طور پر واقعے کو قتل کی واردات نہیں کیا جا سکتا۔ کیونکہ متوفی گھر میں تنہا تھا اور ہو سکتا ہے کہ اس نے خود کشی کی ہو، پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔

اورنگی مین فائرنگ سے نوجوان زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر) پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹائون سیکٹر 15 سی میں نا معلوم ملزمان کی فائرنگ سے ٹانگ میں گولی لگنے سے30 سالہ آصف ولد ساجد زخمی ہوگیا۔ جسے طبی امداد کیلئے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔

ڈیفنس
ٹرک اور کار میں ٹکر،2افراد زخمی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان مجاہد میں ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں2افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈیفنس خیابان مجاہد میں ٹرک اور کویت قونصلیٹ کے پروٹوکول کی کار میں تصادم ہوگیا، جس میں 2افراد زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق حادثے میں گاڑی ڈرائیور اور گارڈ زخمی ہوا ہے،جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پاکستان بازار میں ڈکیتی مزاحمت
پر فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹاؤن کے علاقے پاکستان بازار میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق ملزمان ڈکیتی کی واردات کررہے تھے ۔اہلکار کے مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا ۔واقعے کے بعد پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے ۔