جنرل راحیل شریف کے فیصلے سے افواہ پھیلانے والوں کا منہ بند ہوگیا، سیاسی رہنما

January 26, 2016 1:54 pm0 commentsViews: 20

آرمی چیف نے خود کو سیاست سے دور رکھ کر اچھی روایت قائم کی ہے، آصف زرداری ،شیخ رشید، زاہد خان، شاہ محمود قریشی ودیگر کا خراج تحسین
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے جنرل راحیل شریف کے بیان کو خوش آئند قرار دیدیا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کیا ہے جس سے ان کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق تمام افواہیں دم توڑ جائیں گی۔ علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی اور عوامی مسلم لیگ کی طرف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے آئی ایس پی آر کے بیان کا خیر مقدم کیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات اٹھائے، اس فیصلے سے ان کا قد اور بڑھا، قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کمان کے تبدیل ہونے سے آپریشن پر فرق نہیں پڑے گا۔ اے این پی رہنما شاہد خان نے کہا کہ آرمی چیف نے خود کو سیاست سے دور رکھ کر اچھی روایت قائم کی، ان کے فیصلے سے اسٹیبلشمنٹ کی طاقت کا اثر دم توڑ دے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ فیصلے سے آرمی چیف کی عزت میں اضافہ ہوا، عزت ان کا مقدر ہے اور رہے گی۔ شیخ رشید نے کہا کہ آرمی چیف کی جہاں بھی ضرورت ہوتی ہے وہ پہنچتے ہیں وہ قوم کا اثاثہ ہیں شہیدوں کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے بیان سے افواہیں پھیلانے والوں کا منہ بند ہوگیا ہے۔