پیپلز پارٹی ضلع کونسل اور 2اضلاع میں چیئرمین شپ کیلئے پرامید

January 26, 2016 2:02 pm0 commentsViews: 243

ضلع کونسل کراچی کی نشست کیلئے سلمان عبداللہ مراد کو نامزد کردیا ،ہماری جماعت کے امیدوار باآسانی جیت جائیں گے، سلمان عبداللہ مراد کا دعویٰ
ضلع ملیر اور جنوبی میں ضلعی میونسپل چیئرمین شپ کیلئے جے یو آئی اور آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ، جماعت اسلامی سے بھی حمایت کی امید
کراچی( یو پی پی) کراچی ڈویژن میں پیپلز پارٹی نے ضلع کونسل کراچی اور2 اضلاع جنوبی اور ملیر کی چیئر مین شپ کیلئے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔ ضلع کونسل کراچی میں پیپلز پارٹی کی جانب سے سلمان عبداللہ مراد کو چیئر مین نامزد کیا گیا ہے۔ ضلع کونسل کراچی کی چیئر مین شپ کیلئے پیپلز پارٹی نے آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل کرکے اپنی پوزیشن حاصل مستحکم کر لی ہے ضلع کونسل کے نامزد امیدوار سلمان عبداللہ مراد کا دعویٰ ہے کہ ان کی جماعت کے چیئر مین اور وائس چیئر مین کے امیدوار با آسانی جیت جائیں گے۔ ضلع ملیر، جنوبی اور غربی میں ضلعی میونسپل کارپوریشن کی چیئر مین شپ حاصل کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کی جانب سے دیگر جماعتوں سے بات چیت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق ضلع ملیر میں جے یو آئی سمیت آزاد امیدواروں نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کر دی ہے۔ ملیر کے چیئر مین اور وائس چیئر مین کیلئے پی پی امیدواروں کے جیتنے کے امکان واضح ہوگئے ہیں ضلع ملیر میں13 یونین کمیٹیز پیپلز پارٹی کے پاس جبکہ جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام کے پاس ایک ایک سیٹ ہے اور2 آزاد امیدوار ہیں۔ جے یو آئی نے انہیں حمایت کا یقین دلایا ہے۔ امکان ہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے بھی پی پی امیدوار کی حمایت کی جائے گی۔