کورنگی میں تھانے پر چھاپہ، حبس بے جا میں قید خاندان بازیاب

January 26, 2016 2:06 pm0 commentsViews: 18

پیٹی بند بھائی کیخلاف قتل کے مقدمے کی عدالت میں درخواست پر انڈسٹریل ایریا تھانے کے اے ایس آئی جی اے شیخ نے گرفتار کر لیا تھا
محمد فہیم نامی شخص کی درخواست پر بازیاب، عدالت نے ایس ایچ او ڈیوٹی افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا
کراچی( کرائم رپورٹر) تھانے پر چھاپہ، غیر قانونی طور پر قید خاندان بازیاب، پیٹی بند بھائی کے خلاف آئینی درخواست کے بدلے میں لاک اپ کیا گیا، عدالت نے ایس ایچ او اور ڈیوٹی افسر کو تمام ریکارڈ کے ساتھ طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں محمد فہیم نے اپنے وکیل کے توسط سے درخواست داخل کی تھی کہ ان کے علاقے کے چند افراد ممتاز خالد، اور کفیل و دیگر افراد نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا جس کی ایف آئی آر درج کرانے تھانے کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بجائے اس کے سگے بھائی کلیم، چچا عبداللہ، کزنز عابد اور نعیم چوہدری کو پولیس افسر جی اے شیخ نے گرفتار کرلیا ہے اور رہائی کے عوض اسی تھانے کے سب انسپکٹر کریم بخش کے خلاف ہماری جانب سے دائر آئینی درخواست واپس لینے کیلئے دبائو ڈالا ہے کہ درخواست واپس لینے کیلئے تحریری طور پر لکھ کرد وں۔ پولیس نے5 لاکھ لے کر قاتلوں کو آزاد کردیا تھا جی اے شیخ دھمکی دے رہا ہے کہ جعلی مقابلے میں ماردوں گا، جس کے بعد فاضل عدالت نے جج جے اے شرقی توصیف احمد کو چھاپہ مارنے کا حکم دیا جہاں چھاپے کے نتیجے میں تمام افراد تھانہ لاک اپ سے بازیاب ہوگئے۔ عدالت نے تمام افراد کو ذاتی مچلکے پر رہا کرتے ہوئے ایس ایچ او اور ڈیوٹی افسر کو تمام ریکارڈ کے ساتھ طلب کرلیا۔